حیدرآباد /28 نومبر ( سیاست نیوز ) چیوڑلہ کے علاقہ میں ایک رئیل اسٹیٹ تاجر کا بے رحمانہ انداز میں قتل کردیا گیا ۔ پولیس اراضی معاملات کو قتل کی وجہ مانتی ہے اور مقتول کے ساتھی کو تلاش کر رہی ہے ۔ جو مفرور بتایا گیا ہے ۔ چونکہ مقتول 45 سالہ وینکٹیش گوڑ آخری مرتبہ اسی کے ساتھ دیکھا گیا تھا ۔ پولیس چیوڑلہ کے مطابق ابراہیم پلی میں واقع ایک انجینئیرنگ کالج کے عقبی حصہ میں شخص نعش دستیاب ہوئی ۔ جس کی گمشدگی کی شکایت بھی درج کروائی گئی تھی ۔ پولیس ذرائع کے مطابق گمشدگی کی شکایت کے بعد ہی اس شخص کی شناخت میں اہم مدد ملی اور پولیس نے با آسانی اس کی شناخت کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ پولیس نے متوفی کے ا فراد خاندان سے بات چیت کی اور ابتدائی تحقیقات کے بعد بتایا کہ وینکٹیش گوڑ کے گھر اس کا ساتھی آیا تھا ۔ دونوں میں بات چیت کے بعد یہ شخص ساتھی کے ساتھ باہر گیا تھا جو واپس نہیں لوٹا ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔