چین ہندوستان سے آزادانہ تجارت معاہدہ کیلئے تیار

نئی دہلی ۔ 21 مئی (پی ٹی آئی) وزیراعظم چین لی کیقیانگ نے آج ہندوستان کو پیشکش کی کہ اس کی زیادہ تعداد میں مصنوعات کو چین کے بازاروں میں پیش کیا جائے گا تاکہ باہمی تجارت میں موجود خلیج کم کی جاسکے۔ انہوں نے ہندوستان کے ساتھ آزادانہ تجارت معاہدہ کرنے پر بھی آمادگی ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں معلوم ہوا ہیکہ ہندوستان کو چین کے ساتھ تجارتی خلیج کے بارے میں تشویش ہے۔ چین ہندوستان کو چینی بازاروں تک اس کی مصنوعات پہنچانے کی سہولت فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔ ہم ہندوستان کے ساتھ آزادنہ تجارت معاہدہ کرنے کیلئے بات چیت کا بھی آغاز کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حکومت چینی صنعتکاروں کی ہندوستان میں زیادہ سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کرے گی اور خدمات کے شعبہ میں بھی تجارت کو توسیع دینا پسند کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چین انفراسٹرکچر پراجکٹس میں بھی ہندوستان کی مدد کرسکتا ہے۔

لالو پرساد کیخلاف ہتک عزت مقدمہ کی سماعت
پٹنہ ۔ 21 مئی (پی ٹی آئی) بہار کی برسراقتدار جنتادل (یو) کے رکن اسمبلی سنجے سنگھ کے صدر راشٹریہ جنتادل لالو پرساد کے خلاف ہتک عزت کے فوجداری مقدمہ کی سماعت آج مقامی عدالت میں شرو ع کی گئی اور درخواست گذار کا بیان درج کرنے کے بعد آئندہ سماعت پیر کے دن مقرر کی گئی۔ دریں اثناء مقدمہ کے خلاف آج ایک شکایت رکن اسمبلی جے ڈی یو سنجے سنگھ کے خلاف آر جے ڈی کے ریاستی عہدیدار اور ایڈوکیٹ نے داخل کی۔ لالو پرساد کے خلاف ہتک عزت مقدمہ کی سماعت کی جوڈیشیل مجسٹریٹ آر کے یادو نے کی اور حلف نامہ کے ذریعہ شکایت کنندہ کا بیان درج کیا۔ جے ڈی یو کے رکن مقننہ کونسل نے الزام عائد کیا ہیکہ لالو یادو کے اہانت انگیز تبصرہ سے ان کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ جوابی شکایت آر جے ڈی کے ریاستی سکریٹری پٹنہ ہائیکورٹ کے ایڈوکیٹ رام سندیش رائے نے جے ڈی یو کے ایم ایل سی کے خلاف عدالت میں پیش کی جس میں الزام عائد کیا گیا ہیکہ سنجے سنگھ کے لالو پرساد کے خلاف بیان سے ظاہر ہوتا ہیکہ وہ ذہنی توازن کھوچکے ہیں۔