چین کے ژنجیانگ علاقہ میں روزہ رکھنے پر امتناع

بیجنگ ۔ 2 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) چین نے مسلم اکثریتی ژنجیانگ علاقہ میں سرکاری ملازمین، طلبہ اور اساتذہ کے روزہ رہنے پر امتناع عائد کردیا۔ سرکاری ویب سائیٹ نے یہ بات بتائی جس کی ایک جلاوطن گروپ نے سخت مذمت کی۔ چین کی حکمراں کمیونسٹ پارٹی سرکاری طور پر ملحد ہے اور کئی سال سے اس نے ژنجیانگ میں رمضان المبارک کے روزوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔

یہ علاقہ مسلم ایغور اقلیتوں کی آبادی کا حامل ہے۔ ژنجیانگ میں اکثر ایغور اور سیکوریٹی فورسیس کے مابین جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں۔ اس کے علاوہ چین میں کہیں بھی دہشت گرد حملوں کیلئے عام طور پر انہیں موردالزام قرار دیا جاتا ہے جو وسائل سے مالامال اس علاقہ کی آزادی کے خواہاں ہے۔ انسانی حقوق کے گروپس نے ایغور اور دیگر مسلم اقلیتوں پر مذہبی و ثقافتی پابندیوں کو کشیدگی کی اہم وجہ قرار دیا ہے۔ سرکاری ریڈیو اور ٹی وی یونیورسٹی نے اپنی ویب سائیٹس پر کہا ہیکہ رمضان سے مربوط سرگرمیوں پر حصہ لینے پر پابندی ہے۔ اور ہر ایک کو یہ یاد دہانی کرائی جاتی ہیکہ انہیں رمضان کے روزے رکھنے کی اجازت نہیں ہے۔