چین کے وزیر خارجہ کا ایک دہے بعد دورہ عراق

بغداد۔23فبروری( سیاست ڈاٹ کام ) چین کے وزیرخارجہ وانگ ای آج بغداد پہنچے جہاں انہوں نے باہمی تجارت سے لیکر سیکیورٹی فورسیس کی مدد تک مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا ۔ایک دہے سے زائد عرصہ میں کسی چین کے وزیر کا یہ پہلا دورہ عراق ہے ۔ وزیر خارجہ ہوشیار زواری نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران چین کی ستائش کی اور اسے عراق کا ایک بڑا تجارتی پارٹنر قرار دیا ۔

انہوں نے کہا کہ عراق میں تیل اور برقی کے شعبوں میں چین سرمایہ کاری کرسکتا ہے ۔ زواری نے بتایا کہ وزیر خارجہ چین نے عراقی سیکیورٹی فورسیس کو مسلح کرنے کے بارے میں بھی بات کی کیونکہ ایک دہے سے طویل تشدد کی وجہ سے عراقی سیکیورٹی فورسیس کو ایسی مدد کی سخت ضرورت ہے ۔ تشدد میں ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔ بات چیت میں پڑوسی ملک شام میں خانہ جنگی اور ایران کے متنازعہ نیوکلیئر پروگرام پر بھی تبادلہ خیال ہوا ۔