چین کے صوبہ ہوبیل میں اوسط شدت کا زلزلہ

بیجنگ۔ 30؍مارچ (سیاست ڈاٹ کام)۔ زلزلہ کا ایک جھٹکا جس کی شدت رختر پیمانہ پر 4.7 ریکارڈ کی گئی، وسطی چین کے صوبہ ہوبیل کو دہلادینے کی وجہ بن گیا۔ اس علاقہ میں ملک کے تین وسیع ذخائر آب قائم ہیں۔ چین کے زلزلہ نیٹ ورک سنٹر کے بموجب زلزلہ کا مبدا 5 کیلو میٹر کی گہرائی میں تھا۔ آج کا زلزلہ اسی علاقہ میں جمعرات کے دن محسوس کئے جانے والے 4.3 شدت کے زلزلہ کے جھٹکے کا سلسلہ معلوم ہوتا ہے۔ ذخائر آب کے پراجکٹس پر معمول کی کارروائیاں جمعرات کے جھٹکے سے متاثر نہیں ہوئیں۔ سرکاری خبر رساں ادارہ ’ژنہوا‘ کے بموجب 4.3 شدت کا زلزلہ ذخیرۂ آب جارجس ڈیم سے 30 کیلو میٹر کے فاصلہ پر محسوس کیا گیا تھا۔ اس کا مبدا بھی 5 کیلو میٹر سے زیادہ گہرائی میں واقع تھا۔ چین بھی زلزلہ کے اعتبار سے مخدوش علاقوں کی پٹی میں واقع ہے جسے زلزلہ کے اعتبار سے ’’آتشی حلقہ‘‘ قرار دیا جاتا ہے۔ زلزلہ کے اعتبار سے سب سے زیادہ مخدوش ملک انڈونیشیاء ہے۔