دراس ( جموں و کشمیر ) 26 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) چین کی جانب سے ہندوستان کی سرحد میں بارہا در اندازی کی اطلاعات کے دوران ایک اعلی فوجی کمانڈر نے کہا کہ چین کے ساتھ ملنے والی سرحد پر حقیقی خط قبضہ پر صورتحال پر امن ہے اور بعض واقعات غلط فہمی کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔ جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹننٹ جنرل ڈی ایس ہوڈا نے میڈیا کو بتایا کہ چین کی سرحد پر صورتحال پرسکون ہے ۔ کوئی مسئلہ نہیں ہے ۔ لائین آف کنٹرول پر فائرنگ بھی نہیں ہوئی ہے ۔ یہاں کچھ ایسے علاقے ہیں جہاں سرحد کا زمین پر تعین نہیں ہے اور وہاں چینی اور ہندوستانی دونوں ہی ملکوں کے فوجی پہرہ دیتے ہیں۔ بعض واقعات غلط فہمی کی وجہ سے پیش آتے ہیں۔