پاکستان کی ایشین ٹینس فیڈریشن کے صدر انیل کھننہ سے مدد کی اپیل
کراچی 29 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان ٹینس فیڈریشن نے نو منتخب ایشین ٹینس فیڈریشن کے صدر انیل کھنہ سے آئندہ سال کے ڈیوس کپ ایشیا ۔ اوشیانا زون گروپ 1 کے مقابلے منعقد کرنے میں مدد طلب کی ہے ۔ پاکستان ‘ چین کے خلاف یہ مقابلے لاہور میں منعقد کرنا چاہتا ہے ۔ انیل کھنہ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کے نائب صدر بھی ہیں۔ انہوں نے جاریہ ہفتے پاکستان ٹینس فیڈریشن کی دعوت پر لاہور اور اسلام آباد کا دورہ بھی کیا تھا ۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سکریٹری خالد رحمانی نے کہا کہ انیل کھنہ ایشیا میں ٹینس کو فروغ دینے کے سلسلہ میں پاکستان آئے تھے تاہم ہم نے پاکستان کے ڈیوس کپ میچ کے تعلق سے بھی ان سے تبادلہ خیال کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا احساس ہے کہ انیل کھننہ انٹرنیشنل اور ایشین ٹینس میں اثر و رسوخ رکھتے ہیں اور وہ پاکستان میں ڈیوس کپ میچ منعقد کرنے کی اجازت دینے کیلئے انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔ یہ میچ پاکستان لاہور میں ماہ مارچ میں منعقد کرنے کا خواہاں ہے ۔ پاکستان ٹینس فیڈریشن نے لاہور میں ڈی ایچ اے کلب کو اس میچ کے انعقاد کیلئے محفوظ مقام کے طور پر منتخب کیا ہے ۔