چین کی حکمرانی کے ساتھ 17ویں ایشین گیمس کا اختتام

انچیان۔4اکٹوبر ( سیاست ڈاٹ کام ) رنگارنگ تقریب کے ساتھ 17ویں ایشین گیمس کا اختتام عمل میں آیا اور اس طرح 15روزہ طویل ایونٹ کے دوران کھیلے گئے مختلف مقابلوں میں چین کا غلبہ برقرار رہا جس نے متواتر 9ویں ایڈیشن میں پہلا مقام برقرار رکھا ہے جب کہ ہندوستان سرفہرست 10ممالک میں اپنی جگہ بنانے میں کامیاب رہا ہے ۔ ایشین گیمس کی اختتامی تقریب انچیان کے ایشیاڈ کے اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی جس کی صدارت اولمپکس کونسل برائے ایشیاء کے صدر شیخ احمد فہد الصبا نے کی اور اس موقع پر انتہائی متاثر کن تہذیبی و ثقافتی پروگرامس کا مظاہرہ کیا جس نے یہاں موجود شائقین کے دل جیت لئے ۔اولمپکس کونسل آف ایشیاء کا پرچم اس موقع پر لہرایا گیا اور اس کا ترانہ بھی گایا گیا جو اس بات کا اشارہ تھا کہ ایشین گیمس کا اختتام عمل میں آچکا ہے ۔ 17ویں ایشین گیمس میں 45ممالک کے کھلاڑیوں نے 36مختلف کھیلوں میں شرکت کی ۔ اسپورٹس کا سوپر پاور چین نے میڈلس کے حصول میں پہلا مقام حاصل کیا ہے جس نے 9ویں مرتبہ 342 میڈلس کے ساتھ پہلا مقام برقرار رکھا ہے جس میں 151 گولڈ میڈلس شامل ہیں لیکن مجموعی طور پر اسے چار برس قبل اسی کے ملک میں منعقد ہوئے ایشین گیمس میں محصلہ گولڈ میڈلس میں 48میڈلس کا نقصان برداشت کرنا پڑا ۔ آبادی کے اعتبار سے چین کے بعد دوسرے مقام پر موجود ہندوستان کو 11گولڈ میڈلس کے ساتھ 8واں مقام حاصل ہوا ہے۔