بیجنگ۔28 اپریل (سیا ست ڈاٹ کا م ) چینی بیڈمنٹن ٹیم کے ہیڈ کوچ لائی یونگ بو نے 24 سال کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کرلیا۔ان کی جگہ سابق ورلڈ چیمپئن ژیا ژوانزے اور دو مرتبہ کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ ژینگ جون بالترتیب سنگلز اور ڈبلز ٹیموں کا عہدہ سنبھالیں گے۔ سابق ڈپٹی ہیڈ کوچ ٹیان بینگ یو اور زہونگ بو کنسلٹنٹ مقرر کئے گئے ہیں،لائی یونگ بو کو دیگر کوچنگ عملہ کے ساتھ چائنیز اولمپک کمیٹی کے مشاورتی پینل میں رواں ماہ شامل کیا گیا اور وہ اولمپکس کی تیاری کیلئے بطور تھنک ٹینک کام کریں گے۔ کوچ کی سبکدوشی پر ٹیم کی جانب سے تا حال کوئی بیان جاری نہیں کیا کیا اور نہ ہی کسی درخواست کی تصدیق کی گئی۔ ان کے 24 سالہ کوچنگ کیریئر میں چین کی بیڈمنٹن ٹیم نے 18 گولڈ میڈلز کے ساتھ متعدد بین الاقوامی مقابلے جیتے اور سب سے زیادہ کامیاب ٹیم کے طور پر اپنا مقام مستحکم کیا لیکن گزشتہ ماہ چین کی بیڈمنٹن ٹیم کو برمنگھم میں دو دہائیوں کی بدترین کارکردگی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔واضح رہے کہ ان دنوں چینی کھلاڑیوں کی بیڈمنٹن کے میدانوں میں حکمرانی ہے۔