چینی قیادت ،وزیراعظم مودی سے شخصی تعلقات کے قیام کی خواہاں

ظہیرالدین علی خاں
ایرانڈیا کے طیارہ سے۔ یکم جولائی۔ چین کے پانچ روزہ سرکاری دورہ کو ’’ثمر آور اور منفعت بخش‘‘ قرار دیتے ہوئے نائب صدرجمہوریہ ہند محمد حامد انصاری نے کہا کہ چین کی قیادت شخصی سطح پر ہندوستان کی نئی قیادت سے روابط قائم کرنے کی متمنّی ہے۔ حامد انصاری نے بیجنگ سے نئی دہلی کے سفر کے دوران خصوصی طیارہ میں کل رات پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی قیادت ہندوستان کی نئی قیادت سے شخصی روابط پیدا کرنے کی متمنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات صدر چین ژی جن پنگ نے بھی کہہ دی ہے کہ وہ وزیراعظم نریندر مودی سے آئندہ برکس کانفرنس کے دوران علیحدہ طور پر ملاقات کے متمنی ہیں۔ ’’برکس‘‘ برازیل، روس، ہندوستان، چین اور جنوبی آفریقہ پر مشتمل ایک تنظیم ہے۔ محمد حامد انصاری نے کہا کہ صدر چین کے دورۂ ہند کا اشارہ بھی دیا گیا ہے، تاہم یہ دورہ کب ہوگا، اس کی وضاحت نہیں کی گئی۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نائب صدرجمہوریہ نے کہا کہ چین نے باہمی فکرمندی کے تمام مسائل پر مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ باہمی بات چیت کے دوران ہندوستان کی جانب سے سرحدی تنازعہ کے بشمول دیگر دیرینہ مسائل کا تذکرہ بھی کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ باہمی ایجنڈہ میں شامل تمام اُمور پر تبادلہ خیال کیا گیا، ہم نے اپنے نقاطِ نظر پیش کئے، تمام مسائل جو چین کے ساتھ تعلقات میں رکاوٹ بنے ہوئے ہیں، زیربحث آئے۔ چین اور ہندوستان کی حکومتیں ایک مستقل پالیسی رکھتی ہیں اور اہم موضوعات، نئی حکومت کی بھی ترجیحات برقرار رہیں گے۔ نائب صدرجمہوریہ محمد حامد انصاری جمعرات کو نائب صدر چین لی یووان چاؤ کے ساتھ باہمی تبادلہ خیال اور پنچ شیل معاہدہ کی 60 ویں سالگرہ تقاریب میں شرکت کیلئے چین کے دورہ پر گئے تھے۔ پنچ شیل پرامن بقائے باہم کے پانچ بنیادی اُصول ہیں جن کا نظریہ سب سے پہلے ہندوستان کے اولین وزیراعظم پنڈت جواہر لال نہرو نے پیش کیا تھا اور اُس دور کے وزیراعظم چین چاؤ این لائی کے ساتھ پنچ شیل معاہدہ پر دستخط کئے گئے تھے جس کے 60 سال کی تکمیل پر چین میں معاہدہ کی 60 ویں سالگرہ تقریر منعقد کی گئی۔ وزیراعظم نریندر مودی کے گزشتہ ماہ مئی وزیراعظم کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد کسی ہندوستانی قائد کا یہ اولین دورۂ چین تھا۔ نائب صدر ہند کے آر نارائنن نے 1994ء میں چین کا دورہ کیا تھا۔ محمد حامد انصاری، ان کے بعد پہلے نائب صدرجمہوریہ ہیں، جو چین کے دورہ پر گئے ہیں۔ 1962ء میں پنچ شیل معاہدہ کے فوری بعد ہندوستان پر چینی جارحیت کے نتیجہ میں دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔