چینائی ، 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) مہندر سنگھ دھونی زیرقیادت چینائی سوپر کنگس کا ہوم گراؤنڈ پر ناقابل شکست رہنے کا موقف آج بھی برقرار رہا جبکہ ویراٹ کوہلی کے رائل چیلنجرز بنگلور کو نسبتاً کم اسکور والے آئی پی ایل میچ میں جو یہاں ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلا گیا، 24 رنز سے واضح شکست ہوگئی۔ دھونی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا مگر شروعات بدترین ہوئی جیسا کہ اوپنر ڈوین اسمتھ چھ گیندیں کھیل کر 0 پر آؤٹ ہوگئے۔ بعدازاں سریش رائنا کے 52 رنز اور دیگر اوپنر برینڈن مک کلم (20) ، فاف ڈوپلیسی (24) اور دھونی (29) کی مختصر اننگز نے میزبانوں کو 148/9 تک پہنچایا۔ مہمانوں کو 149 کا اوسط ٹارگٹ ملا لیکن پوری ٹیم دو گیندیں قبل 124 پر آؤٹ ہوگئی۔ کپتان کوہلی نے اگرچہ 48 کا ٹاپ اسکور کیا جبکہ ٹیم نے آخری 7 وکٹیں 27 رنز پر کھوئے۔ ڈی ولیرس نے 21 اور وکٹ کیپر دنیش کارتک نے 23 رنز بنائے۔ میزبانوں کیلئے ’پرل کیاپ‘ کے حامل آشیش نہرا (3/19) نے پھر ایک بار شاندار بولنگ کی۔