چینائی کے خلاف ممبئی آج پہلی کامیابی کیلئے کوشاں

دبئی۔24اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) دفاعی چمپئن ممبئی انڈینس کا انڈین پریمیئر لیگ کے ساتویں ایڈیشن کا آغاز انتہائی مایوس کن ہوا ہے اور وہ ہنوز اپنی پہلی کامیابی کیلئے کوشاں ہے اور کل اس کیلئے سیزن کی پہلی کامیابی اس لئے بھی آسان نہیں ہوگی کیونکہ کل اس کی حریف ٹیم چینائی سوپر کنگس ہے جس نے کامیابی کی سمت واپسی کرلی ہے ۔ روہت شرما کی زیر قیادت ممبئی انڈینس ٹیم کو ٹورنمنٹ کے ابتدائی مقابلے میں کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کے خلاف 41رنز کی اور دوسرے مقابلے میں رائل چیالنجر بنگلور کے خلاف سات وکٹوں کی شکست برداشت کرنی ہے ۔ ممبئی انڈین کو بولنگ اور بیٹنگ دونوں شعبوں میں بہت سے مسائل پر قابو پانا ہے کیونکہ ٹیم نے ابتدائی دو مقابلوں میں 122اور 115رنز اسکور کئے ہے ۔

امباٹی رائیڈو دونوں مقابلوں میں بہتر شروعات کو بڑے اسکور میں تبدیل نہیں کرپائے ہے جب کہ مائک ہسی ٹیم کو برق رفتار شروعات فراہم کرنے میں ناکام ہے۔ کپتان روہت شرما اور کیرن پولارڈ جو کہ ٹوئنٹی 20کیلئے دھماکو بیٹسمین تصور کئے جاتے ہیں وہ ٹیم کیلئے تاحال کوئی قابل ستائش مظاہر نہیں کرپائے ہیں ۔ بولنگ شعبہ میں سینئر فاسٹ بولر ظہیرخان اور لستھ ملنگا نے توقعات کے مطابق مظاہرے کئے ہیں ۔ اسپین شعبہ میں حالانکہ ہربھجن سنگھ اور پرگیان اوجھا موجود ہیں لیکن ان کے مظاہرے کافی مایوس کن ہیں۔ دوسری جانب دو مرتبہ کی چینائی سوپر کنگس کیلئے بیٹنگ شعبہ میں ڈیون اسمتھ ‘ برنڈن مکالم ‘ سریش رائنا اور کپتان مہیندر سنگھ دھونی کے علاوہ رویندر جڈیجہ نے بھی کامیابی میں اپنا رول ادا کیا ہے۔

بھوپال میں ایشین گیمس کیلئے
قومی کیمپ جاری
بھوپال ۔24اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) کوریا میں ماہ ستمبر کو ایشین گیمس 2014ء کا انعقاد عمل میں آرہا ہے جس کیلئے ہندوستانی کراٹے چمپئنس کیلئے بھوپال کے ٹی ٹی نگر اسٹیڈیم میں ٹریننگ کیمپ کا آغاز ہوچکا ہے ۔ 20اپریل کو شروع ہوئے اس کیمپ میں ہندوستان کے علاوہ بیرونی اتھیلیٹ بھی موجود ہیں جس میں ہندوستان سے سیدہ فلک بھی میڈل کی امیدکے ساتھ سخت محنت میں مشغول ہے