چینائی کا آ ج پنچاب سے مقابلہ،دھونی بمقابلہ اشون پر توجہ

چینائی ۔ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) چینائی سوپرکنگس اور کنگس الیون پنجاب کے درمیان کل یہاں کھیلے جانے والے مقابلہ میں سابق کے دو ساتھی کھلاڑیوں مہیندر سنگھ دھونی اور روی چندرن اشون کے درمیان قیادت کا مقابلہ ہوگا کیونکہ ایک جانب مہندر سنگھ دھونی مشکل صورتحال میں بھی پرسکون رہتے ہیں تو دوسری جانب روی چندرن اشون اپنے جارحانہ انداز کیلئے جانے جاتے ہیں اور اب جبکہ وہ ٹیم کی قیادت کررہے ہیں تو ان کے حیران کن اور روایت سے ہٹ کر کئے جانے والے فیصلے بھی توجہ کا مرکز ہوچکے ہیں۔ دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف فی کس تین مقابلے جیتے ہیں تاہم اس مرتبہ دونوں ہی ٹیموں نے رواں سیزن بہتر مظاہرے کرتے ہوئے بالترتیب پہلا اور دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔ دھونی کی زیرقیادت چینائی سوپرکنگس کی ٹیم ہر سیزن میں تقریباً سرفہرست ہی رہتی ہے لیکن اس مرتبہ اشون کی قیادت میں پنجاب نے سیزن کا بہترین آغاز کرتے ہوئے 8 ٹیموں کے جدول میں دوسرا مقام حاصل کرلیا ہے۔ ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گذشتہ دونوں مقابلے یہاں کی سست رفتار وکٹ کی وجہ سے خبروں میں رہے جیسا کہ پہلے مقابلہ میں ویراٹ کوہلی کی زیرقیادت رائل چیلنجرس بنگلور کی ٹیم 70 رنز پر ڈھیر ہوگئی تھی جبکہ راجستھان رائلس نے بھی 8 رنز کی شکست برداشت کرنے سے پہلے چینائی سوپرکنگس کیلئے حالات مشکل ترین کردیئے تھے لیکن دوسرے مقابلہ میں وکٹ کسی قدر بہتر رہی۔ امید کی جارہی ہیکہ کل پنجاب کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلہ میں یہ وکٹ مزید بہتر رہے گی۔ چینائی سوپرکنگس کی ٹیم اپنے اسپن شعبہ پر انحصار کررہی ہے جبکہ ماضی میں اشون بھی چینائی کے اسپن شعبہ کے کلیدی بولر تصور کئے جاتے تھے۔ میزبان ٹیم کے بولروں کو کریس گیل کا سامنا رہے گا جنہوں نے دہلی کپیٹلس کے خلاف مقابلہ میں شرکت بھی کی تھی اب ان کی بھی خواہش ہیکہ کل چینائی کے خلاف کھیلے جانے والے اس مقابلہ میں پنجاب کی کامیابی میں اہم رول ادا کرے۔ چینائی نے گذشتہ 4 مقابلوں میں کئی کھلاڑیوں کو تبدیل کیا ہے لیکن مختلف مقابلوں میں مختلف کھلاڑیوں نے ٹیم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے میں اہم رول ادا کیا۔ چینائی جس نے ابتدائی تینوں مقابلوں میں فتوحات حاصل کی لیکن گذشتہ مقابلہ میں اسے ممبئی کے خلاف سیزن کی پہلی شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔ چینائی کیلئے سب سے زیادہ تشویش اپنے اوپنر امباٹی رائیڈو کا ناقص فام ہے حالانکہ گذشتہ برس وہ ٹورنمنٹ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شامل تھے۔ امید کی جاسکتی ہیکہ کل رائیڈو کے مقام پر مرلی وجئے کو موقع دیا جاسکے۔ ٹیم کے آل راونڈر ڈیون براوو کی شرکت پر ہنوز سوالیہ نشان ہے کیونکہ وہ ممبئی کے خلاف کھیلے گئے مقابلے میں عضلات کی جکڑن کی وجہ سے باہر ہوئے تھے۔ دھونی امید کررہے ہیں کہ ان کے بولر ممبئی کے خلاف ہونے والے ناقص مظاہروں کو پس پشت ڈالتے ہوئے کل بہترین فام میں موجود پنجاب کے خلاف اپنے مظاہروں کے معیار کو بلند کریں گے۔ دوسری جانب کنگس الیون پنجاب کے کپتان اشون جو اس سے پہلے تک چینائی کے رکن تھے وہ چاہیں گے کہ اپنی سابق ٹیم کے خلاف وہ کامیابی حاصل کرے۔