چینائی میں موسم کی خرابی کی وجہ سے کئی فلائیٹس منسوخ

شمس آباد۔/2ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چینائی میں مسلسل بارش کی وجہ اور موسم کی خرابی کی باعث کئی فلائیٹس منسوخ کردی گئی ہیں۔ تفصیلات کے بموجب چینائی ایرپورٹ پر بارش کا پانی جمع ہونے کی وجہ سے احمد آباد، وجئے واڑہ ، تروپتی، کوئمبتور، کوچی جانے والی فلائیٹس کو بھی منسوخ کردیا گیا ہے۔

میدک میں تالابوں کا معائنہ
میدک۔/2ڈسمبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی قانون ساز اسمبلی کی ڈپٹی اسپیکر محترمہ ایم پدما دیویندر ریڈی نے صدرنشین بلدیہ میدک مسٹر ایم ملکارجن گوڑ اور ڈپٹی چیرمین بلدیہ مسٹر وائی اشوک کے ہمراہ شہر میدک میں واقع پٹلم تالاب اور اس سے متصل ٹاؤن کے نواح میں واقع تالاب گو سمندر کا دورہ کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں تالابوں کے کٹوں کو جوڑتے ہوئے کشادگی کی جائے گی۔ ریاستی حکومت نے ان کی ترقی کیلئے 11کروڑ روپئے منظور کئے ہیں۔ دونوں تالابوں کو منی ٹینک بنڈ کے طور پر تیارکرکے ٹاؤن کی عوام کیلئے ایک تفریح گاہ تیار کی جائے گی۔ محترمہ پدما نے مزید کہا کہ میدک ٹاؤن کے دائرہ تا کوچن پلی برائے منتائی کٹہ سڑک کو ترقی دے جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پٹلم تالاب اور گو سمندر میں بوٹنگ سسٹم کی سہولت بھی فراہم کرنے کا منصوبہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دونوں تالابوں کے کٹوں پر آنجہانی رام داس ، آنجہانی کیول کشن اور دیگر مجسموں کی تنصیب عمل میں لائی جائے گی۔