نئی دہلی 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام )آئی پی ایل سیزن 7 کی درجہ بندی میں 7 ویں مقام پر پہنچ چکی دہلی ڈیر ڈیولس کی ٹیم پیر کو جب یہاں اپنے گھریلو میدان فیروز شاہ کوٹلہ پر دو بار کی چیمپئن چینائی سوپر کنگس کے خلاف اترے گی تو اس کا ہدف کامیابی کی ڈگر پر واپس لوٹنا ہوگا ۔ ٹورنمنٹ کے پچھلے مرحلے میں ناقص مظاہرہ پیش کرنے والی دہلی کی ٹیم چار نشانات کے ساتھ درجہ بندی میں ساتویں مقام پر پہنچ چکی ہے اور اس پر پھر سے ناکامی کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ دوسری طرف چینائی کی ٹیم متواتر پانچ میچ جیت کر 10 نمبروں کے ساتھ سرفہرست بنی ہوئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ابوظہبی میں کھیلے گئے پچھلے میچ میں چینائی کی ٹیم نے 93 رنز سے سنسنی خیز کامیابی حاصل کی تھی ۔ اس میچ میںچینائی نے 7 وکٹس پر 177 رنز بنائے تھے اور اس کے جواب میں دہلی کی ٹیم 84 رنز پر ہی ڈھیر گئی تھی ۔ چینائی کے رنوں کے لحاظ سے ٹورنمنٹ کی تاریخ میں یہ سب سے بڑی کامیابی تھی ۔ آئی پی ایل اے کے ساتویں سیزن کیلئے دہلی کی ٹیم کو پوری طرح نئے سرے سے تیار کیا گیا تھالیکن اس ٹیم کے تاحال مظاہرہ کو دیکھا جائے تو نئی بوتل میں پرانی شراب ہی کہا جاسکتا ہے ۔ ٹیم پچھلے چھ میں سے چار میچ گنواں چکی ہیں اور ناٹ آوٹ میں پہنچنے کی امیدوں کو برقرار رکھنے کیلئے اسے اپنے مظاہرہ میں بہتری لانی ہوگی ۔ دہلی کو ٹورنمنٹ میں اپنے پہلے ہی میچ میں رائل چیلنجرس بنگلور کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا
لیکن اگلے میچ میں اس نے کولکتہ نائیٹ رائیڈرس کو شکست دے کر جیت کی راہ ہموار کی تھی۔ ٹیم کو پھر چینائی اور سن رائزس حیدرآباد کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔ بعدازاں ممبئی انڈینس کو شکست دی لیکن فیروز شاہ کوٹلہ میں اسے راجستھان رائلس کے ہاتھوں شکست کھانی پڑی ۔ دہلی کی طرف سے رن بنانے والے بیٹسمین جنوبی افریقہ کے جے پی ڈومینی ہے جن کے کھاتے میں چھ میچوں میں 212 رنز ہیں ۔ آئی پی ایل 7 میں رنز بنانے والے بیاٹسمینوں کی فہرست میں چوتھے مقام پر ہے جبکہ مرلی وجئے نے 134 ،دنیش کارتیک نے 106 اور کیون ونٹن ڈی کاک نے 106 رنز بنائے ہیں۔کپتان کیون پٹرسن انگلی کے زخم کی وجہ سے پہلے تین میچوں میں کھیل نہیں پائے تھے اور ان کے کھاتے میں تین میں 56 رنز ہیں۔ راسٹیلر نے تین میچوں میں 55 رنز بنائے ہیں۔
ٹیلر اور پٹرسن کے علاوہ کیدار جادھو ،مینک اگروال اور منوج تیواری نے بھی ابھی تک مایوس ہی کیا ہے۔دہلی کی سب سے بڑی کمزوری اس کی بولنگ ہیں۔ نیتھن کولٹر نائل کے زخم کی وجہ سے ٹورنمنٹ سے باہر ہونے سے ٹیم کو زبردست جھٹکہ لگا ہے اور اس کا کوئی بھی بولر مناسب وکٹ لینے والے بولروں کی فہرست میں ٹاپ 20 میں شامل نہیں ہے ۔جئے دیو اوناکٹ نے پانچ میچوں میں چھ وکٹ لئے ہیں شہباز ندیم ، محمد سمیع ،وائن پارنل ،جمی نشم اور راہول شرما نے ابھی تک ناقص مظاہرہ کیا ہے۔ جہاں تک چینائی کا سوال ہے تو کنگس الیون پنجاب سے پہلا میچ ہارنے کے بعد ٹیم نے لگاتار پانچ میچ جیتے ہیں۔ مہیندر سنگھ دھونی کی قیادت والی یہ ٹیم ٹورنمنٹ کے سب سے متوازن ٹیموں میں ایک ہے ۔ اس کے بیاٹسمین جہاں رن برسا رہے ہیں وہیں بولرس بھی زبردست مظاہرہ کررہے ہیں۔ چینائی کیلئے ڈراون اسمتھ نے 256 اور برینڈن میکولم نے 249 رن بنائے ہیں۔ یہ دونوں بیٹسمین زبردست رنز بنانے کے معاملہ میں بالترتیب دوسرے اور تیسرے مقام پر ہیں اس کے علاوہ سریش رائنا کپتان مہندر سنگھ دھونی ،رویندر جڈیجا نے بھی قابل ستائش مظاہرے کئے ہیں۔ دوسری طرف موہت شرما اور جڈیجا بھی وکٹ لینے والے بولروں میں بالترتیب پہلے اور دوسرے پر نمبر پر موجود ہیں۔ دونوں ٹیموں کے اب تک کے مظاہرے کو دیکھتے ہوئے چینائی کا پلڑا بھاری لگ رہا ہے اور ایسے میں دہلی کیلئے کامیابی کی پٹری پر واپس لوٹنا آسان نہیں ہوتا ۔