چینائی اور پنجاب کے درمیان آج دلچسپ ٹکراؤ متوقع

ابوظہبی۔17اپریل( سیاست ڈاٹ کام ) میدانوں کے باہر اسپاٹ فکسنگ تنازعہ کے باعث پریشان رہنے والی دو مرتبہ کی سابق چمپئن چینائی سوپر کنگس کا کل کنگس الیون پنجاب کے خلاف آئی پی ایل کے ساتویں سیزن کا افتتاحی مقابلہ ہوگا ۔ چینائی کی ٹیم گذشتہ تین سیزن میں ٹورنمنٹ پر اپنی حکمرانی کرنے والی ٹیم ثابت ہوئی ہے لیکن اس مرتبہ اسپاٹ فکسنگ تنازعہ کی وجہ سے کھلاڑیوں پر دباؤ ہوسکتا ہے کیونکہ ٹیم کے چند اہم عہدیداروں کے نام اسپاٹ فکسنگ میں لئے گئے ہیں ۔ ٹیم کے کوچ اسٹیفن فلیمنگ کا کہنا ہے کہ میدان کے باہر ہونے والے مشکل حالات کے باوجود ٹیم کے کھلاڑیوں کی تمام تر توجہ کرکٹ پر مرکوز ہے اور

وہ بہتر مظاہرہ کیلئے پُرعزم ہیں ۔ فلیمنگ کا کہنا ہے کہ اسپاٹ فکسنگ تنازعہ اور سپریم کورٹ کی جانب سے اس معاملہ کی تحقیقات پر سنوائی یقیناً ایک اہم مسئلہ ہے لیکن اس کے باوجود کھلاڑیوں کی تمام تر توجہ کرکٹ پر مرکوز ہے۔ چینائی کو اس مرتبہ اس کے چند بہترین کھلاڑیوں کی خدمات حاصل نہیں ہے جس میں آسٹریلیا کے مسٹر کرکٹ مائیکل ہسی اور جنوبی افریقہ کے آل راؤنڈر البی مورکل قابل ذکر ہیں کیونکہ کھلاڑیوں کی نیلامی میں ان کھلاڑیوں کو دیگر ٹیموں نے حاصل کرلیا ہے ۔ پنجاب کیلئے ویریندر سہواگ کے مظاہرے توجہ کا مرکز ہوں گے جو کہ آسٹریلیائی ٹوئنٹی 20ٹیم کے کپتان جارج بیلی کی قیادت میں بہتر مظاہرہ کے ذریعہ ہندوستانی ٹیم میں واپسی کیلئے کوشاں ہیں ۔