چینائی اور ممبئی کے درمیان آج دلچسپ ٹکراؤ متوقع

چینائی ۔ 25 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) آئی پی ایل کے رواں سیزن میں پہلے ہی عملاً پلے آف میں رسائی حاصل کرچکی مہندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت چینائی سوپرکنگس کی ٹیم کل یہاں ممبئی کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلہ میں کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنے موقف کو مزید مستحکم کرنے کی خواہاں ہوگی۔ مہیندر سنگھ دھونی کی زیرقیادت چینائی کی ٹیم متواتر دو ناکامیوں کے بعد دوبارہ کامیابی کی ڈگر پر واپس آچکی ہے جیسا کہ اس نے گذشتہ مقابلہ میں سن رائزس حیدرآباد کو 6 وکٹوں سے شکست دی جس میں اس کے اوپنر شین واٹسن کی فام میں واپسی اور شاندار بیٹنگ کا کلیدی کردار رہا۔ کل ممبئی کے خلاف کھیلے جانے والے مقابلے میں ٹیم اپنے جارحانہ اوپنر واٹسن سے اسی طرح کے مظاہرہ کی امید کررہی ہے۔ مہمان ٹیم فی الحال ٹورنمنٹ میں ٹیموں کے جدول میں 10 مقابلوں میں 12 نشانات کے حصول کے بعد تیسرے مقام پر فائز ہے۔ تاہم اسے گذشتہ مقابلہ میں راجستھان رائلس کے خلاف شکست برداشت کرنی پڑی۔ لہٰذا وہ چینائی کو شکست دیتے ہوئے پلے آف میں اپنی رسائی کے امکانات کو مستحکم کرنے کیلئے کوشاں ہوگی۔ چینائی جوکہ واٹسن کی فام میں واپسی کو خوش آئند قرار دیا ہے تاہم اسے اب سریش رائنا، امباٹی رائیڈو اور کیدار جئے دیو کی فام میں واپسی کا انتظار ہے۔ خاص کر جئے دیو کیلئے فام میں آنا ضروری ہے تاکہ ورلڈ کپ سے قبل ان کا اعتماد بحال ہوسکے۔ ٹورنمنٹ میں تاحال چینائی کی فتوحات میں اس کے بولروں نے کلیدی رول ادا کیا ہے جس میں خاص کر دیپک چہر کی بولنگ میں بہتری دکھائی دے رہی ہے۔ عمران طاہر جوکہ ٹورنمنٹ میں تاحال 16 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے بولروں کی فہرست میں دوسرے مقام پر فائز ہیں وہ بھی ٹیم کیلئے کلیدی رول ادا کرتے آرہے ہیں لیکن حیدرآباد کے خلاف کھیلے گئے گذشتہ مقابلہ میں انہیں وکٹ نہیں ملی تھی۔ دوسری جانب ممبئی کیلئے روہت شرما جوکہ ٹیم کیلئے مثالی مظاہرے کررہے ہیں ان کے ساتھ کوئنٹن ڈیکاک ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرنے میں کامیاب ہیں ۔ علاوہ ازیں پانڈیا بھائیوں کے مظاہرے بھی اہم ہیں جبکہ کیرن پولارڈ نے بھی اپنی اہمیت ثابت کی ہے۔