چینائی اور لاہور کے درمیان آج دلچسپ مقابلہ متوقع

بنگلور۔24ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) گذشتہ مقابلہ میں ڈالفنس کے خلاف ایک آسان کامیابی کے بعد بلند حوصلوں والی چینائی سوپر کنگس کل یہاں چمپئنس لیگ کے اپنے اگلے مقابلے میں پاکستان سے تعلق رکھنے والی ٹیم لاہور لائنس کے خلاف بھی فتوحات کے سلسلہ کو جاری رکھنے کیلئے کوشاں ہے۔کپتان مہیندر سنگھ دھونی پھر ایک مرتبہ خواہش کریں گے کہ ان کے فام بیٹسمین سریش رائنا جنہوں نے ڈالفنس کے خلاف 43گیندوں میں 90رنز اسکور کئے ہیں وہ لاہور کے خلاف بھی بہتر مظاہرہ کریں۔ڈالفنس کے خلاف چینائی نے گذشتہ مقابلہ میں مقررہ 20اوورس میں 6وکٹوں کے نقصان پر 242رنز کا ہمالیائی اسکور بنایا تھا۔ ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے چینائی کے اوپنر ڈیون اسمتھ جن کا گذشتہ آئی پی ایل میں مظاہرہ شاندار رہا ہے وہ گذشتہ دومقابلوں میں اپنی ناکامی کو پس پشت ڈالتے ہوئے بہتر مظاہرہ کریں گے ۔چینائی کیلئے برانڈن مکالم جنہوں نے گذشتہ مقابلے میں 49رنز اسکور کئے ہیں ‘ پھر ایک مرتبہ ٹیم کو بہتر شروعات فراہم کرنے میںکلیدی رول ادا کرسکتے ہیں ۔ لاہور کیلئے وہاب ریاض ‘ اعزاز چیما اور عمران علی نے کوالیفائنگ مقابلوں میں بہتر مظاہرہ کیا تھا ‘ تاہم اہم مقابلے میں انہیں پھر ایک مرتبہ معیاری بولنگ کرنے کی ضرورت ہے ۔ لاہور کے بیٹنگ شعبہ میں کامران اکمل اور کپتان محمد حفیظ نے شاندار مظاہرے کئے ہیں اور ٹیم کو پھر ایک مرتبہ سعید نسیم ‘ محمد حفیظ ‘ احمد شہزاد اور عمر اکمل سے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے کی امید ہے ۔