دبئی ۔27 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی نے آئندہ فیوچر ٹور پروگرام سے 2021 کی چیمپیئنز ٹرافی کو ختم کرتے ہوئے اس کی جگہ ورلڈ ٹی20 اور ٹسٹ چیمپیئن شپ کے انعقاد کی منظوری دے دی۔5 روزہ اجلاس میں آئی سی سی کے اراکین نے 2019 سے 2023 کے نئے فیوچر ٹور پروگرام کا اعلان کردیا ہے جس میں ورلڈ ٹسٹ چیمپیئن شپ کو متعارف کروانے کے علاوہ چیمپیئنز ٹرافی 2021 کی جگہ ورلڈ ٹی20 کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے۔ 2020 کے بعد 2021 میں ورلڈ ٹی20 کے انعقاد کی بدولت مسلسل دو سال ٹی20 ایونٹ منعقد کیا گا۔2021 کا ورلڈ ٹی 20 ہندوستان میں منعقد ہو گا جس میں 16 ٹیمیں شرکت کریں گی۔یہ آئی سی سی کی تاریخ میں دوسرا موقع ہے کہ لگاتار 2 سال ورلڈ ٹی20 کا انعقاد ہو گا جہاں اس سے قبل 2009 اور 2010 میں بھی مسلسل دو سال ورلڈ ٹی20 کھیلا گیا تھا۔یہ خیال کیا جارہا تھا کہ 50 اوورس کی کرکٹ اور ٹی 20 میں مختصر کرکٹ کا انتخاب بہتر ہوگا جس پر آئی سی سی نے بھی حامی بھری ہے۔