دبئی۔24 جون (سیاست ڈاٹ کام )آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے مستقبل پر ایک مرتبہ پھر سوالیہ نشان لگ گیا ہے اور اگر 2019 میں ونڈے کی لیگ شروع کی جاتی ہے تو اگلے سال انگلینڈ میں ہونے والا چیمپین ٹرافی ایونٹ اس سلسلے کا آخری ایونٹ ثابت ہو سکتا ہے۔چیمپیئنز ٹرافی کو ختم تو 2013 میں ہونا تھا لیکن انگلینڈ میں ہوئے اس ایونٹ کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے آئی سی سی نے2017 میں ورلڈ ٹسٹ چیمپیئن شپ کو قربان کر کے اس کی جگہ چیمپیئن ٹرافی کے انعقاد کا فیصلہ کیا۔تاہم آئی سی سی کی جانب سے کھیل کے ڈھانچے پر نظرثانی کے بعداس ایونٹ کا مستقبل خطرات سے دوچار ہو گیا ہے۔ونڈے کرکٹ کی نئی لیگ کے منصوبے کے تحت اس میں صف اول کی 13 ٹیمیں شرکت کریں گی جس کے بعد 2022 میں پلے آف کھیلے جائیں گے۔ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ورلڈ کپ اور ونڈے لیگ کی موجودگی میں تیسرا 50 اوور کا ٹورنمنٹ غیر ضروری محسوس ہو گا اور اس کے نتیجہ میں 24 ماہ کے عرصے میں تین فاتحین ابھر کر سامنے آئیں گے۔کم دورانیے کے سبب چیمیئنز ٹرافی کا ایونٹ بہت مقبول رہا ہے جہاں اگلے ایڈیشن میں بھی 18 دنوں میں 15 میچز کھیلے جائیں گے لیکن اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ اب تک سات ایڈیشن ہونے کے باوجود چیمپیئنز ٹرافی اپنا کوئی مقام نہیں بنا سکی جس کے سبب اس ایونٹ کو ختم کئے جانے کے امکانات زیادہ ہیں۔