مرکزی وزیر کی حیثیت سے غیر محسوب اثاثہ جات حاصل کرنے کا الزام
نئی دہلی ۔ 18 ۔ جون : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سی بی آئی نے آج چیف منسٹر ہماچل پردیش ویربھدرا سنگھ اور ان کے افراد خاندان کے خلاف غیر محسوب اثاثہ جات کیس میں تحقیقات کا آغاز کردیا ہے ۔ جن پر الزام ہے کہ بحیثیت مرکزی وزیر اسٹیل نامعلوم ذرائع سے 6.1 کروڑ روپئے اثاثہ جات کے حاصل کرلیے تھے ۔ سی بی آئی ذرائع نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات ویر بہادر سنگھ اور ان کی اہلیہ پرتبھا سنگھ اور فرزند وکرما آدتیہ سنگھ اور دختر اپراجیتا سنگھ اور ایک ایل آئی سی ایجنٹ آنند چوہان کے خلاف شروع کردی گئی ۔ جس میں یہ پتہ چلایا جائے گا کہ ویر بہادر سنگھ نے یو پی اے حکومت میں بحیثیت وزیر اسٹیل 2009-11 کی مدت میں 6.1 کروڑ روپئے کے غیر محسوب اثاثہ جات کس طرح حاصل کئے ۔ انہوں نے بتایا کہ ویر بہادر سنگھ جس وقت مرکزی وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے اس وقت ایک ایل آئی سی ایجنٹ چوہان کے ذریعہ اپنے اور اپنے افراد خاندان کے نام پر 6.1 کروڑ مالیتی لائف انشورنس پالیسیاں حاصل کی تھیں ۔ انہوں نے مزید بتایاکہ تحقیقات کے پہلے مرحلہ میں شکایت یا ذرائع آمدنی کے حقائق کی جانچ کی جائے گی اور بادی النظر میں الزامات ثابت ہونے پر ایف آئی آر درج کرتے ہوئے تحقیقات کو مزید آگے بڑھایا جائے گا ۔۔