پناجی ۔ /3 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) گوا کے چیف منسٹر لکشمی کانت پاریسکر نے نئی دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ سے ملاقات کی اور ریاست میں امن و قانون کی صورتحال سے واقف کروایا ۔ نئی دہلی سے چیف منسٹر نے ٹیلیفون پر بتایا کہ امن و قانون کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اور یہ مذاکرات ثمر آور ثابت ہوئے ۔ مرکزی وزیر داخلہ سے ان کی یہ ملاقات اس پس منظر میں اہمیت اختیار کی گئی ہے کہ حال ہی میں گوا سکریٹریٹ کو عسکریت پسند تنظیم آئی ایس آئی کا ایک دھمکی آمیز پوسٹ کارڈ وصول ہوا تھا ۔ تاہم پاریکر نے یہ انکشاف کرنے سے انکار کردیا کہ اس ملاقات میں آئی ایس آئی کی دھمکیوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ دریں اثناء انسپکٹر جنرل پولیس مسٹر سنیل گارگر نے بتایا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع منوہر پاریکر کو ہلاک کردینے کی دھمکی جھوٹی ہے جس سے فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ۔ ممکن ہے کہ کسی منچلہ نے مکتوب روانہ کیا ہوگا تاکہ محکمہ پولیس کو پریشان اور ہراساں کیا جاسکے ۔ مسٹر گارگر نے مزید بتایا کہ انسداد دہشت گردی دستہ دہرہ دون کے ایک نوجوان سے پوچھ تاچھ کررہا ہے ۔ جسے کل واسکو ریلوے اسٹیشن سے مشتبہ حالت میں گرفتار کرلیا گیا ۔ اس نوجوان کی بحیثیت سمیر سردھان شناخت کرلی گئی ہے جو کہ ریلوے اسٹیشن پر /22 جنوری سے دیکھا گیا جسے ایک لیپ ٹیاپ کے ساتھ حراست میں لے لیا گیا ۔