چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اقلیتوں کے ہمدرد

میدک میں ٹی آر ایس کو مسلم ریزرویشن فرنٹ کی تائید‘ جناب افتخار احمد کابیان
میدک /7 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) صدر مسلم ریزرویشن فرنٹ ریاست تلنگانہ جناب افتخار احمد نے کہا کہ ریاستی وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ اقلیتوں کے ہمدرد ہیں۔ اقلیتوں کے لئے عام انتخابات سے قبل کئے گئے اعلانات کو عملی جامہ پہنانے کے لئے منصوبہ بند طریقہ کار اپنا رہے ہیں۔ اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لئے وہ مختلف پالیسیوں کو لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ لہذا کے سی آر کا اقلیتوں کی طرف جھکاؤ کو مدنظر رکھتے ہوئے حلقہ لوک سبھا میدک سے ٹی آر ایس امیدوار کی تائید کا انھوں نے اعلان کیا۔ جناب افتخار احمد نے اپنے دورہ میدک ٹاؤن کے موقع پر نمائندہ سیاست میدک محمد فاروق سے بات چیت کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ اس دوران انھوں نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مقامی ٹی آر ایس قائدین کے تعاون سے میدک کے مختلف محلہ جات کا دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں سے ملاقات کی۔ اسی طرح بعد نماز جمعہ بھی ٹاؤن کی مختلف مساجد میں پہنچ کر مصلیوں سے بھی ملاقات کی۔ انھوں نے ٹی آر ایس امیدوار کے پربھاکر ریڈی کے حق میں اپنا قیمتی ووٹ استعمال کرنے کی اپیل کی۔ جناب افتخار نے کہا کہ مسلم ریزرویشن فرنٹ نے بلدی و دیہی انتخابات سے قبل بھی اپنا اثر و رسوخ استعمال کرتے ہوئے ان انتخابات میں بی سی (ای) امیدواروں کو تحفظات کے میدان میں اتارا۔ انھوں نے کہا کہ ریزرویشن پر عمل آوری کے مسئلہ پر علاقہ تلنگانہ کے مختلف شہروں میں 12 سے زائد بلدی وائس چیرمین چنے گئے۔ اسی طرح مختلف اضلاع میں زیڈ پی ٹی سیز اور ایم پی ٹی سیز بھی منتخب ہوئے۔ انھوں نے کہا کہ ریاستی وزیر اعلی کے چندر شیکھر راؤ اقلیتوں کی ترقی کے پابند ہیں۔ انھوں نے مسلمانوں کو 12 فیصد تحفظات فراہم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ اسی طرح اوقافی جائدادوں کے تحفظ کے لئے وقف بورڈ کو جوڈیشیل پاور (اختیارات) دیئے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں مسلم غریب لڑکیوں کی شادیوں کے لئے 51 ہزار روپئے کی منظوری اور اقلیتوں کی ترقی کے لئے بجٹ کو بڑھاتے ہوئے ایک ہزار کروڑ کرنے کے اعلانات بھی شامل ہیں۔ لہذا کے سی آر کے ان منصوبوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مسلم ریزرویشن فرنٹ نے ٹی آر ایس کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ مسٹر افتخار الدین اپنے ساتھیوں کے ہمراہ میدک میں قیام کرتے ہوئے ٹاؤن کے علاوہ میدک میں شامل منڈلوں کا دورہ کرتے ہوئے ٹی آر ایس امیدوار کے حق میں مہم چلا رہے ہیں۔ ان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ کنوینر، کونسلر بلدیہ میدک ایم اے حمید، امام الدین اقبال، محمد حسین محی الدین، ایم اے قدوس اور ایم اے رؤف بھی موجود تھے۔ دریں اثناء سدی پیٹ ٹاؤن کے ٹی آر ایس قائدین و محبان تلنگانہ کا ایک وفد میدک پہنچ کر ٹی آر ایس امیدوار حلقہ لوک سبھا میدک کے پربھاکر ریڈی کے حق میں مہم چلاتے ہوئے مقامی ذی اثر حضرات سے ملاقات کی۔ اس وفد میں مسرز محمد قادر، محمد سراج الدین، محمد آصف اور دیگر شامل تھے۔