نظام آباد:18؍ فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)نظام آباد اربن ایم ایل اے مسٹر بیگالہ گنیش گپتا نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں تلنگانہ عوام کی بربادی ہوئی تھی علیحدہ ریاست تلنگانہ میں چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں تلنگانہ عوام کی خوشحالی آئے گی۔ اربن ایم ایل اے بیگالہ گنیش گپتا پھولانگ کمیونٹی ہال میں منعقدہ ٹی آر ایس پارٹی کے رکنیت سازی پروگرام اور کے سی آر کے 61ویں سالگرہ پروگرام سے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کر تے ہوئے مخاطب کیا۔ اس پروگرام کی صدارت قائد ٹی آر ایس مسٹر نوید اقبال نے کی۔ ایم ایل اے گنیش گپتا نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کی تہذیب اور تلگو و اردو زبان مشترکہ رہی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کی تلنگانہ ریاست کے ساتھ اندھرائی حکمرانوں کی ظلم و زیادتیوں کے خلاف تلنگانہ تحریک چلائی اور کامیابی حاصل کی۔ ایم ایل اے گنیش گپتا نے کہا کہ نظام آباد شہر کی مثالی ترقی کیلئے 5سالوں کے دوران ایسے کام کرونگا جسے50سالوں تک یادرکھا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ پھولانگ ہال کی تعمیر و توسعی کیلئے ضلع کلکٹر سے بات چیت کے بعد ترقیاتی فنڈ منظور کروںگا۔ ایم ایل اے گنیش گپتا نے کہا کہ ٹی آر ایس کی ممبر شپ پر 2لاکھ روپئے کی انشورنس پالیسی کی سہولت فراہم کی جارہی ہے جس سے عوام کو راحت ملے گی۔ایم ایل اے گنیش گپتا نے دوٹوک انداز میں کہا کہ نظام آباد میں غنڈہ ازم کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے اور نہ ہی غنڈہ گردی کو برداشت کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عددی مظاہرہ کے بجائے اچھے اور باکردار صلاحیتوں کے حامل افراد کو ساتھ لیکر چلیں گے۔ قائد ٹی آر ایس مسٹر ایس اے علیم نے مخاطب کر تے ہوئے کہا کہ ٹی آر ایس پارٹی کے اقتدار کے آنے کے بعد پہلی مرتبہ ممبرشپ کی جارہی ہے اور ٹی آر ایس کی ممبرشپ حاصل کرنے کیلئے مسلمان جوش وخروش کا مظاہر ہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت عوام کی بھلائی و ترقی کیلئے کام کر رہی ہے۔مستحق افراد میں وظائف ،فی کس 6کیلو باریک چاول کی سربراہی ، شادی مبارک اسکیم کے ذریعہ غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے 51ہزار روپئے کی امداد، مفت تعلیم کی سہولت فراہم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی فلاح و بہبودی کیلئے 1030کروڑ رپئے بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ آگے بڑھ کر حکومت کی فلاحی اسکیمات سے استفادہ کریں۔ مسٹر ایس اے علیم نے کانگریس پر شدید تنقید کر تے ہوئے کہا کہ پچھلے دس سالوں میں نظام آباد میں کوئی ترقی نہیں ہوئی۔ بلدیہ کو کارپوریشن کا درجہ دے کر عوام پر ٹیکس کی شکل میں بوجھ ڈالدیا گیا۔ کانگریس کا دور حکومت روڈی ازم کا دور رہا۔ ٹی آر ایس پارٹی کے اقتدار پر آنے کے بعد نظام آبادکی عوام کو کانگریس کی لیڈر شپ سے نجات ملی۔ اور روڈی ازم سے پاک ہو گیا۔ انہوں نے نظام آباد کی ترقی کیلئے ایم ایل اے گنیش گپتا کا ساتھ دینے کی خواہش کی قائد ٹی آر ایس نوید اقبال نے صدارت کر تے ہوئے کہا کہ مسلمان ٹی آر ایس پارٹی کے ساتھ ہے اور چیف منسٹر کے چندرشیکھر رائو کی قیادت سے مطمئن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے چندر شیکھر رائو نے مسلمانوں کو 12فیصد تحفظات دینے کا عہد کیا ہے۔ غریب مسلم لڑکیوں کی شادی کیلئے شادی مبارک اسکیم کے ذریعہ 51 ہزار روپئے کی امداددے رہی ہے جو کامیابی سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ایک غریب عوام کے ساتھ انصاف ہوگا اور حکومت کی فلاحی اسکیمات سے مستفید کیا جائیگا۔ اس پروگرام سے میئر بلدیہ آکولہ سجاتا ،صدر ضلع اقلیتی سیل طارق انصاری، کارپوریٹر سدم لکشمی، قائد ٹی آر ایس یٰسین صابری نے بھی خطاب کر تے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کی 61ویں سالگرہ کا ایم ایل اے گنیش گپتا نے کیک کاٹ کر اہلیان پھولانگ کے ساتھ جشن منایا۔ اس پروگرام میں ٹی آر ایس کی ممبر شپ بھی کی گئی۔ اور نوجوانان پھولانگ و قریشی برادران نے کثیر تعداد میں ٹی آر ایس پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ ان میں امجد خان ، محمد شعیب، عبدالغفور قریشی،قادر قریشی،جانی قریشی قابل ذکر ہیں۔ اس پروگرام میں ٹی آر ایس قائدین شیخ علی صابری، محمد رفیع، ایم اے بصیر، عبدالرحیم غوث، محمد اکرم، جاوید خان، سید شمشاد ، فہیم قریشی، عمران شہزاد،مجاہد علی ببو، رفیق ٹیلر، امجد بھائی ٹیلر، چند قریشی، اقبال کرانہ، مرزاطاہر بیگ، ایم اے علیم، امیر الدین، یٰسین خان کے علاوہ کثیر تعداد میں مرد وخواتین نے شرکت کی۔