چیف منسٹر کے سی آر کا آج دورہ کاماریڈی

کاماریڈی:21؍ جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کل کاماریڈی کا دورہ کررہے ہیں ،یہ بات رکن اسمبلی کاماریڈی و گورنمنٹ وہپ مسٹر گمپا گوردھن، رکن پارلیمنٹ ظہیر آباد بی بی پاٹل نے آج صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتائی ، انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر رائو کل صبح 10:30 بجے ذریعہ ہیلی کاپٹر کاماریڈی پہنچیں گے اور ترقیاتی کاموں کا ضلع عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیں گے۔گذشتہ کئی دنوں سے کئے جانے والے مطالبہ کے تحت کاماریڈی ضلع مستقر قرار دینے کیلئے اعلان کرنے کے بھی امکانات ظاہر کیا۔ اس کے علاوہ کاماریڈی ڈگری کالج کی اراضی کے تحفظ کیلئے گذشتہ چند دنوں سے کئے جانے والے مطالبہ کے تحت کالج ایجوکیشن کمیٹی کے عہدیداروں سے استعفیٰ حاصل کرتے ہوئے کاماریڈی کے کالج کے اراضیات کے تحفظ کے سلسلہ میں اقدامات کرنے کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ کاماریڈی کو اطراف و اکناف علاقہ کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے فنڈ کی منظوری کا بھی امکان ظاہر کیا۔ چیف منسٹر کے آمد کے سلسلہ میں تیاریاں جاری ہیں۔ ڈی آئی جی نظام آباد رینج مسٹر گنگادھر نے کاماریڈی پہنچ کر ہیلی پیاڈ، فنکشن ہال کا جائزہ لیا اور حفاظتی انتظامات سے متعلق ڈی ایس پی مسٹر بھاسکر سے بات چیت کی۔

چیف منسٹر کے دورہ سے قبل وارڈ نمبر 5 کے بتکماں کنٹہ میں سلم ایریا کا دورہ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن لمحہ آخر میں سلم ایریا کے دورہ کو منسوخ کردیاگیا ۔ چیف منسٹر ہیلی پیاڈ سے سیدھا ایک خانگی فنکشن ہال پہنچیں گے اور یہاں پر ضلع کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیں گے۔ دوپہر کے طعام کے بعد واپس عادل آباد روانہ ہوجائیں گے۔ چیف منسٹر کی آمد سے قبل بڑے پیمانے پر سلم ایریا میں صفائی و مرمت کے کام انجام دئیے جارہے تھے اچانک پروگرام کو رد کرنے کی وجہ سے عوام میں ناراضگی پائی جارہی ہے چیف منسٹر وارڈ نمبر 5 میں دورہ کرنے کے امکانات پر عہدیداروں نے سماجی وظائف، فوڈ سیکوریٹی کارڈ کاگھر گھر پہنچ کر جائزہ لے رہے تھے لیکن پروگرام کو رد کرنے پر عہدیداروں کی جانب سے کئے جانے والے سروے میں سست رفتاری پیدا ہوگئی اور برائے نام سروے کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کے دورہ کو کامیاب بنانے کیلئے ضلع انتظامیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر اقدامات کا آغاز کیا گیا اور پولیس کے سخت حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ ہیلی پیاڈ اور فنکشن ہال کے علاقہ میں ڈاگ اسکواڈ کے ذریعہ تنقیح کی اور اس علاقہ کو پولیس اپنی تحویل میں لے لی ہے۔