آرمور میں کانگریس قائدین کا احتجاج، سمیر احمد کا خطاب
آرمور۔ 14 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آرمور ڈیویژن کے بالکنڈہ منڈل مستقر پر تلنگانہ کی ٹی آر ایس حکومت کے خلاف کانگریس مائناریٹی ڈپارٹمنٹ کے ضلعی صدر سمیر احمد کی نگرانی میں احتجاج کیا گیا اور اقلیتی طبقہ کو فوری طور پر 12% تحفظات پر عمل آوری کا مطالبہ کرتے ہوئے تحصیلدار کو یادداشت پیش کی گئی۔ تفصیلات کے بموجب آرمور ڈیویژن کے علاقہ بالکنڈہ منڈل میں ٹی آر ایس حکومت کے انتخابی منشور میں کئے گئے وعدے اقلیتوں کیلئے 12% تحفظات کو عملی جامہ پہنانے کے مطالبہ کو لے کر کانگریس مائناریٹی ڈپارٹمنٹ ضلعی صدر سمیر احمد کی نگرانی نے صدائے احتجاج بلند کیا گیا۔ اس موقع پر سمیر احمد نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ٹی آر ایس حکومت اقتدار پر آئے 11 ماہ کا عرصہ ہوا، لیکن مسلم اقلیتوں کے لئے کوئی ترقیاتی کام انجام نہیں دیئے گئے ۔ وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے انتخابی منشور میں وعدہ کیا تھا کہ اقلیتوں کو 12% تحفظات دیئے جائیں گے لیکن اسے عملی طور پر کچھ بھی نہیں کیا گیا۔ انتخابات کے دوران ووٹ حاصل کرنے کیلئے اقلیتوں کو 12% تحفظات کی بات کہی گئی ایسا لگتا ہے کہ اقلیتوں کیلئے تحفظات کے ضمن میں کے سی آر کا دوہری پالیسی اپنا رہے ہیں۔ اقلیتی قائد کو ڈپٹی چیف منسٹر بناکر اقلیتوں کو خوش کیا گیا لیکن کے سی آر نے وزارتِ اقلیتی بہبود کے قلمدان کو اپنے پاس رکھا۔ ضلعی صدر کانگریس نے مطالبہ کیا کہ یہ قلمدان فوری کسی مسلم فرد کے حوالے کریں تاکہ اقلیتوں کے مسائل اور ترقیاتی کاموں میں آسانی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ اقلیتوں کیلئے روزگار کے ضمن میں درخواست داخل کرنے کیلئے اعلانات کئے گئے لیکن حکومت انہیں قرضہ جات دینے کیلئے ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے۔ اقلیتی نوجوانوں کو بنکرس پریشان کررہے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بنکرس کو خاطر خواہ نشانہ دیتے ہوئے روزگار کے مواقع فراہم کریں جس میں حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ حکومت اقلیتوں کے مسائل کو حل کرے، ورنہ کانگریس کی جانب سے تلنگانہ کے اضلاع میں احتجاج منظم کیا جائے گا۔ اس موقع پر ضلعی کنوینر اقلیتی ڈپارٹمنٹ عمران بن محسن، سیکریٹری عبید بن حمدان، سید ریاض الدین، سید مظہرالدین، سید فیاض الدین، محمد انور اور پارٹی کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔