چیف منسٹر کے خود ساختہ پی اے کے خلاف مقدمہ

گانجہ فراہم کرنے والے شخص کے خلاف بھی کارروائی
حیدرآباد۔/19 جون، ( سیاست نیوز) راچہ کنڈہ پولیس نے سرکاری ملازمتوں کا جھانسہ دے کر لوٹنے والے خود ساختہ چیف منسٹر کے پی اے اور گانجہ فراہم کرنے والے ایک بدنام زمانہ شخص کے خلاف انسداد غنڈہ گردی ایکٹ ( پی ڈی ) ایکٹ نافذ کردیا۔ کمشنر پولیس راچہ کنڈہ مسٹر مہیش بھاگوت نے ان دونوں کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے مقدمات جاری کردیئے۔ ورنگل سے تعلق رکھنے والا شخص کفایت جو پرانے شہر کے علاقہ کاماٹی پورہ میں رہتا تھا اس نے خود کو اسسٹنٹ برائے چیف منسٹر تلنگانہ ظاہر کیا اور تقریباً 20 نوجوانوں کو اپنی جعلسازی کا شکار بناتے ہوئے ان سے 70 لاکھ روپئے حاصل کرلئے ، سرکاری ملازمتوں میں موقع کی آس میں بے روزگار نوجوان آسانی سے کفایت علی کا شکار ہوگئے۔ کفایت کل تین مقدمات میں ملوث بتایا گیا ہے جس میں ایک قتل کا مقدمہ شامل ہے جبکہ ڈی ناگراجو جو گانجہ منتقل کررہا تھا محبوب آباد کا متوطن بتایا گیا ہے۔ یہ کل 5 مقدمات میں ملوث ہے اور گرفتاری اور سزا کے باوجود بھی اس کے رویہ میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ کمشنر نے ان دونوں کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کردیا۔