نظام آباد :6؍ فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )علیحدہ ریاست تلنگانہ کے خلاف چیف منسٹر مسٹر این کرن کمارریڈی اور سیما آندھرا کے قائدین کے رویہ کیخلاف شہر نظام آباد میں کانگریس قائدین نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر کو فوری برطرف اور چیف منسٹر کے علامتی پتلوں کو نذرآتش کیا تفصیلات کے بموجب ضلع کانگریس صدر مسٹر طاہر بن حمدان کی قیادت میں صدر ریاستی مہیلا کانگریس شریمتی آکولہ للیتا، صدر ضلع وقف کمیٹی جاوید اکرم،صدر ضلع اقلیتی سیل سمیر احمد، کانگریس قائدین این سدھاکر، صدر این ایس یو آئی گھنراج، سمن، صدرمہیلا کانگریس ارونا تارا، نائب صدر ضلع کانگریس کمیٹی اشفاق احمد خان ،ضلع جنرل سکریٹری کانگریس کمیٹی شکاری ایوب خان ،میسالا سدھاکر رائو، اظہر محی الدین، ایم اے قیوم ، عبود اور دیگر نے کانگریس بھون سے ریالی نکالی اور چیف منسٹر کیخلاف نعرہ بازی کی۔
دھرنا چوک پہنچ کر چیف منسٹر کے علامتی پتلہ کو نذرآتش کیا اس موقع پر صدر ضلع کانگریس طاہر بن حمدان نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر مسٹر کرن کمارریڈی کو اقتدار پر رہنے کا کوئی حق حاصل نہیں ہے۔ چیف منسٹر سیما آندھرا کے چیف منسٹر کی حیثیت سے کام کررہے ہیں جبکہ کانگریس ہائی کمان نے اس فیصلہ سے واقف کروایا تھا اس کے برخلاف کام کرتے ہوئے تلنگانہ کی عوام کے جذبات اور احساسات کو مجروح کیا ہے ۔گذشتہ 60سالوں سے علیحدہ ریاست تلنگانہ کیلئے تحریک چلائی جارہی ہے کانگریس ہائی کمان تلنگانہ کی عوام اور جذبات کو ملحوظ رکھتے ہوئے علیحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام عمل میں لایا ہے انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کے خلاف دہلی میں دھرنا دیتے ہوئے تلنگانہ کے وزراء اور ارکان اسمبلی و ایم ایل سیز کو پولیس کے ذریعہ اے پی بھون(دہلی) سے زبردستی ہٹایا ہے خاتون وزراء کے ساتھ بھی بدتمیزی کی گئی ڈپٹی چیف منسٹر خاتون وزراء کے ساتھ پولیس کی جانب سے اختیار کردہ رویہ پر فوری معذرت خواہی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ہائی کمان سے خواہش کی کہ چیف منسٹر کو فوری برطرف کریں۔