چیف منسٹر کسانوں کو قرض کے جال سے بچانے کوشاں

سداسیوپیٹ میں رعیتو بندھو اسکیم کا افشاء ، ضلع کلکٹر کا خطاب

سداسیوپیٹ /11 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سنگاریڈی ضلع کلکٹر وینکٹیشورلو نے رکن اسمبلی حلقہ سنگاریڈی سری چنتا پربھاکر کے ہمراہ موضع آتماکور میں رعیتو بندھو اسکیم کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کلکٹر وینکٹیشورلو نے کہا کہ اس اسکیم کے تحت کسانوں کو فی ایکر اراضی پر کاشت کیلئے فی کس 4 ہزار روپئے حکومت کی جانب سے امداد دی جارہی ہے ۔ یہ عمل تمام ضلع میں 17 مئی تک جاری رہے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ امداد ضلع سنگاریڈی کے 3 لاکھ 16 ہزار کسانوں میں 314.62 کروڑ روپئے ادا کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ امدادی چیکس کی تقسیم کے ساتھ ساتھ کسانوں میں نئے پٹہ پاس بکس بھی تقسیم کئے جارہے ہیں ۔ رکن اسمبلی چنتاپربھاکر نے رعیتوں بندھو اسکیم کو منفرد اور مثالی اور سارے ہندوستان کیلئے قابل تقلید قرار دیا اور کہا کہ چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ کسانوں کو قرض کے جال سے بچانے کیلئے کوشاں ہیں ۔ اس کیلئے حکومت کی جانب سے نت نئی اسکیمات کو متعارف کرواتے ہوئے کسانوں کو راحت پہونچانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ کسانوں کو مسائل سے بچانے کیلئے رعیتوں بندھو اسکیم کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ اس طرح حکومت تلنگانہ زرعی شعبہ کو منفعت بخش بنانے کیلئے کوشاں ہے اور غریب کسانوں کے چہروں پر مسکراہٹ دیکھنا چاہتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ سنگاریڈی میں جملہ 53631 کسانوں میں 44 کروڑ روپئے کی امداد تقسیم کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد کسانوں کی خودکشی میں کمی ہوئی ہے ۔ اس پروگرام میں ضلع چیرمین نرہری ریڈی ، سی ڈی چیرمین وجیندر ریڈی ، ڈی پی سرینواس تحصیلدار شاجیوتی ،منڈل کوآپشن صلاح الدین ، محمد نبی نے شرکت کی ۔