نئی دہلی۔ 8 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت ِ دہلی نے آج متوفی ٹی وی صحافی اکشے سنگھ کی بہن کو ملازمت کا پیشکش کیا۔ اکشئے سنگھ ، ویاپم اسکام کی تحقیقات میں مصروف تھا۔ چیف منسٹر اروند کجریوال اور ڈپٹی چیف منسٹر منیش سسوڈیہ نے اکشئے سنگھ کے ارکان خاندان سے ملاقات کی اور ان کے خاندان کو بھرپور مالی امداد کا تیقن دیا۔ ارکان خاندان نے مطالبہ کیا کہ اُن حالات کی آزادانہ تحقیقات کروائی جائیں جن کے نتیجہ میں صحافی کی موت بھوپال میں واقع ہوئی تھی۔ ارکان خاندان نے کہا کہ پورا خاندان صدمہ میں مبتلا ہے۔ ان کا نوجوان بیٹا فوت ہوگیا ہے۔ وہ واحد کمانے والا رکن تھا جو پورے خاندان کا سہارا تھا۔ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر دہلی منیش سسوڈیہ نے کہا کہ ہم نے ارکان خاندان کو بھرپور مالی امداد کا اور صحافی کی بہن کو ملازمت کا پیشکش کیا ہے۔ موجودہ مرحلہ پر انہیں ان کی سخت ضرورت ہے۔ سسوڈیہ نے کہا کہ مدھیہ پردیش پولیس اور بی جے پی زیرقیادت مرکزی حکومت کے تحت تحقیقات کے نتیجہ میں موت کی وجہ کا آزادانہ طور پر پتہ لگانا ناممکن ہے۔