اسپیکر اسمبلی کی ماں کی تصویر پر پھول مالا ڈال کر خراج ، ارکان پارلیمنٹ و ارکان اسمبلی کا بھی اظہار تعزیت
نظام آباد ۔ 7 فروری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسپیکر اسمبلی پوچارام سرینواس ریڈی کی والدہ پاپوا کا کل انتقال ہوا تھا ۔ اسپیکر اسمبلی سے اظہار تعزیت کرنے کی غرض سے چیف منسٹر کے چندرشیکھررائو نے آج چیف سکریٹری ایس کے جوشی کے علاوہ اراکین پارلیمنٹ ، اراکین اسمبلی کے ہمراہ مسٹر پوچارام سرینواس ریڈی کے آبائی مقام پوچارام پہنچے ۔ ان کی والدہ کی تصویر پر پھول مالا چڑھاکر خراج عقیدت پیش کیا ۔ ہیلی پیاڈ پر چیف منسٹر کا نظام آباد ، کاماریڈی کلکٹر س کے علاوہ دیگرنے خیر مقدم کیا ۔ چیف منسٹر نے ہیلی کاپٹر سے سیدھا پوچارام کی قیام گاہ پہنچ کر ان سے ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا ۔اس موقع پر رکن پارلیمنٹ گپتا سکھندر یڈی ، رکن پارلیمنٹ کھمم سدھاکر ریڈی ، قانون ساز کونسل کے چیرمین سوامی گوڑ ، سابق وزیر داخلہ نائنی نرسمہا ریڈی ، سابق ڈپٹی اسپیکر پدما دیویندر ریڈی ، رکن پارلیمنٹ ظہیر آباد بی بی پاٹل ، ارکان اسمبلی سوامی گوڑ ، ہنمنت شنڈے ، باجی ریڈی گوردھن ، گنیش گپتا ، گمپا گوردھن ، ایم ایل سی وی جی گوڑ ، ضلع پریشد چیرمین دفعدار راجو کے علاوہ ضلع سے تعلق رکھنے والے اہم قائدین و دیگر ۔ چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو نے پوچارام سرینواس ریڈی کے برادر شمبھو ریڈی اور ان کے فرزندان اور اراکین خاندان سے بھی ملاقات کی اور اظہار تعزیت کیا اور تقریباً آدھے گھنٹے تک چیف منسٹرنے پوچارام کے ساتھ بات چیت کی اور بعدازاں ہیلی کاپٹر کے ذریعہ حیدرآباد کیلئے روانہ ہوگئے ۔ اس موقع پر ڈی آئی جی نظام آباد رینج کے علاوہ پولیس کمشنر کارتیکیا و دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔