چیف منسٹر کا امیدوار نہیں ہوں: ڈگ وجئے سنگھ

دریائے نرمدا روٹ پر موبائل ٹائلٹس نہ ہونے پر اظہار تشویش
جبلپور۔29 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس لیڈر ڈگ وجئے سنگھ نے کہا ہے کہ مدھیہ پردیش اسمبلی چنائو میں جو آئندہ سال مقرر ہیں، وزارت اعلی کے امکانی دعویدار نہیں ہیں۔ انہوں نے گزشتہ روز یہاں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ پارٹی کی اعلی قیادت فیصلہ کرے گی کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں پارٹی کا چیف منسٹر امیدوار کون رہے گا۔ قبل ازیں سینئر کانگریس لیڈر کمل ناتھ نے کہا تھا کہ وہ لوک سبھا میں پارٹی کے چیف وہپ جیوتر آدتیہ سندھیا کو چیف منسٹر امیدوار کے طور پر پیش کرنے کے حق میں ہے۔ ڈگ وجئے سنگھ اپنے چھ ماہ طویل مذہبی سفر ’’نرمدا پریکرما‘‘ کی شروعات سے قبل میڈیا سے مخاطب تھے۔ ان کا سفر دسہرے کے موقع پر کل شروع ہورہا ہے۔ 70 سالہ لیڈر پڑوسی ضلع نرسنگ پور سے دریائے نرمدا کے کناروں پر 3,300 کیلومیٹر سفر شروع کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ یاترا بالکلیہ مذہبی اور روحانی سفر ہے اور اس کا کوئی سیاسی پہلو نہیں۔ ریاستی حکومت کے پروگرام ’’نمامی دیوی نرمدے سیوا یاترا‘‘ پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان نے سینکڑوں کروڑ روپئے اس یاترا کی تشہیر پر خرچ کردیئے۔ یہ دعوی کیا گیا تھا کہ حکومت نے نرمدا کی روٹ پر 6 کروڑ کونپلیں لگائے ہیں۔ ’’میں ان کو گن تو نہیں سکتا‘‘۔ ڈگ وجئے اپنے اس سفر کے دوران ریاست کے 110 اسمبلی حلقوں سے گزریں گے اور گجرات کے 20 اسمبلی حلقوں کا بھی احاطہ ہوگا۔ وہ ہر روز 20 کیلومیٹر کا سفر طے کریں گے۔