کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی نے چھتیس گڑھ کے چیف منسٹر رامن سنگھ کو پناما پیپرس کے معاملہ میں پاکستان کے سبکدوش وزیراعظم نواز شریف کی تقلید کرنے کا مشورہ دیا ۔ راہول گاندھی نے الزام عائد کیا کہ پناما ، پیپرس اسکینڈل میں نواز شریف نے اپنا اور اپنے ارکان خاندان کا نام آنے کے بعد وزیراعظم کے عہدہ سے استعفیٰ دیدیا لیکن پناما پیپرس کے مسئلہ میں چیف منسٹر رمن سنگھ اور ان کے ارکان خاندان بھی الزامات کا سامنا کررہے ہیں لیکن انہوں نے ہنوز استعفی نہیں دیا ہے ۔ راہول نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ ’’ یہ اس لئے ہورہا ہے کہ وہ (رمن سنگھ) آر ایس ایس اور بی جے پی سے تعلق رکھتے ہیں اور رشوت ستانی میں ملوث ہوسکتے ہیں ‘‘ ۔ کانگریس نے گزشتہ سال الزام عائد کیا تھا کہ پناما پیپرس افشاء کے مطابق رمن سنگھ کے بیٹے ابھیشیک کے پاس بھی سمندر پار اثاثے ہیں ۔