چیف منسٹر پر وعدہ خلافی کا الزام

کانگریس حکومت کی اسکیمات برقرار رکھنے ومشی چندر ریڈی کا مطالبہ

محبوب نگر۔/8جون، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مسٹر ومشی چندرریڈی رکن اسمبلی کلواکرتی نے مستقر محبوب نگر پر ضلع کانگریس آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاست تلنگانہ کے عوام کا فیصلہ ہمیں قبول ہے۔ انہوں نے کہاکہ کانگریس کے منتخبہ ایم ایل اے اور صدر ریاستی یوتھ کانگریس کی حیثیت سے وہ پارٹی کے استحکام کیلئے اپنے آپ کو وقف کردیں گے۔ انہوں نے ریاست میں نئی حکومت کا خیرمقدم کیا اور ٹی آر ایس حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کانگریس کی فلاحی اسکیمات جیسے آروگیہ شری، فیس ری ایمبرسمنٹ ، کسانوں کیلئے مفت برقی، ایس سی، ایس ٹی پلان پر عمل آوری کو نئی حکومت میں برقرار رکھیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹی آر ایس نے انتخابی منشور میں جو وعدے کئے ہیں اس پر صدفیصد عمل آوری کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کے سی آر پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ علحدہ تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر دلت کو بنانے کا وعدہ کیا لیکن وعدہ سے مکرتے ہوئے اقتدار کے لالچی بنتے ہوئے خود چیف منسٹر بن گئے۔ انہوں نے انتخابی منشور میں وعدہ کیا تھا کہ کسانوں کو ایک لاکھ روپئے تک کے قرضہ جات معاف کئے جائیں گے۔ لیکن اب اس کیلئے شرائط عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے اظہار تاسف کرتے ہوئے کہا کہ پہلے قرضوں کی معافی کا اعلان اور بعد میں اس پر شرائط عائد کرنے کی خبریں ٹی وی پر سن کر قلب پر حملہ سے تین کسان فوت ہوگئے ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہلوک کسانوں کو فی کس 10لاکھ روپئے ایکس گریشیا دی جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت جب تک عوامی مفادات کیلئے کام کرے گی ہم حکومت کا ساتھ دیں گے اور عوامی پالیسیوں کے خلاف ہم احتجاج کرنے سے گریز نہیں کریں گے۔ انہوں نے اسمبلی میں ان کی جانب سے اٹھائے جانے والے سوالات کے جواب پر بتایا کہ سب سے پہلے ضلع کی پسماندگی کو دور کرنے کیلئے نمائندگی ہوگی اور ضلع میں زیر التواء پراجکٹس کی عاجلانہ تکمیل کا مطالبہ کیا جائے گا۔ اور پالمور لفٹ اریگیشن کے کام میں تیزی لانے کیلئے حکومت پر دباؤ بنایا جائے گا۔ پریس کانفرنس میں صدر ضلع کانگریس عبیداللہ کوتوال، محمد حنیف آرکیٹکٹ، راملوگوڑ، رنگاراؤ، شیخ عمر و دیگر موجود تھے۔