نظام آباد:30؍ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز )ضلع کانگریس صدر طاہر بن حمدان نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کسانوں کو اقل ترین قیمت کی ادائیگی میں ناکام ہوچکی ہے ۔ چیف منسٹر مسٹر چندر شیکھر رائو عوام کو بیان بازی کے ذریعہ گمراہ کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ کسان کے اناج کو اقل ترین قیمت ادائیگی کا صرف اعلان کیا جارہا ہے ۔ کھمم میں گذشتہ سال مرچ کی قیمت 10 ہزار روپئے فی کنٹل تھی تو آج 5 ہزار روپئے ہے ۔ مرچ کی قیمت کی ادائیگی کیلئے حکومت نے مطالبہ کرنے پر کانگریس ورکنگ پریسیڈنٹ ملو بھٹی ورکرامارکا کی گرفتاری سراسر غلط ہے ۔ مارکیٹ میں دفعہ 144 نافذ کیاجانا سراسر غلط ہے ۔ دفعہ 144 نافذ کی وجہ سے کسان مارکٹ میں اناج فروخت ہونے سے خوف زدہ ہے ۔ بھٹی ورکرامارکا کو فوری رہاء کرنے کا مطالبہ کیا ۔ اس موقع پر کسان کھیت کے صدر گنگاریڈی ، صدر ضلع اقلیتی سیل کانگریس سمیر احمد و دیگر بھی موجود تھے ۔
فرائض سے لاپرواہی پر
میونسپل کمشنر کے رتبہ میں کمی
کاماریڈی :30؍ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاماریڈی سابق میونسپل کمشنر وجئے لکشمی کو احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر میونسپل کمشنر سے سینٹری انسپکٹر تقرر کیا گیا ۔ واضح رہے کہ حکومت نے میونسپل کمشنر کاماریڈی وجئے لکشمی کو فرائض کی انجام دہی میں لاپرواہی برتنے پر انہیں میونسپل کمشنر سداشیو پیٹ کو تبادلہ کرتے ہوئے 2؍ اپریل کے روز احکامات جاری کئے گئے تھے اور آرڈی او کاماریڈی سرینواس کو میونسپل کمشنر کی زائد ذمہ داری حوالے کی گئی تھی ۔ میونسپل کمشنر وجئے لکشمی سیاسی سفارش کے ذریعہ دوبارہ کاماریڈی میونسپل کمشنر کی حیثیت سے برقرار رہنے کیلئے کوشش کی تھی اور سیاسی قائدین بھی رضامندی ظاہر کی تھی لیکن میونسپل سکریٹری نوین متل نے وجئے لکشمی کی جانب سے حکومت کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے پر انہیں میونسپل کمشنر سے ان کے رتبہ کو کم کرتے ہوئے سینٹری انسپکٹر کی حیثیت سے جائزہ حاصل کرنے کی ہدایت دی ۔