چیف منسٹر پر عوام کو گمراہ کرنے کا الزام

شادنگر ۔ 31جنوری ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) علحدہ تلنگانہ ریاست کا قیام فبروری کی 15 تاریخ تک مکمل ہوجائے گا ۔ قیام تلنگانہ میں سیما آندھرا قائدین کی رکاوٹوں کے باوجود مرکزی حکومت بالخصوص کانگریس پارٹی ہائی کمان و صدرنشین شریمتی سونیا گاندھی تلنگانہ عوام کے ساتھ کئے گئے وعدے کو پورا کرنے کی پابند ہے اور آئندہ منعقد ہونے والے پارلیمنٹ سیشن میں تلنگانہ بل پاس ہوکر رہے گا ۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیر و رکن اسمبلی کنٹونمنٹ سکندرآباد ڈاکٹر پی شنکر راؤ نے شادنگر آئی بی گیسٹ ہاؤز میں توقف کرتے ہوئے پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے کہی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ مسودہ بل کو ریاستی اسمبلی میں صرف اور صرف ارکان کو اپنے خیالات کے اظہار کیلئے روانہ کیا گیا ۔ قیام تلنگانہ کا مسئلہ تلنگانہ عوام کا ایک دیرینہ حل طلب مسئلہ تھا ۔

سونیا گاندھی نے علاقہ تلنگانہ کی چار کروڑ سے زائد عوام کے دیرینہ خواب کو حقیقت میں تبدیل کیا ہے ۔ علحدہ تلنگانہ پر ہائی کمان کے جرتمندانہ فیصلہ کے باوجود ریاستی چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی عوام کے سامنے گمراہ کن بیانات جاری کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ بل پارلیمنٹ میں پیش ہونے پر بی جے پی تلنگانہ بل کی تائید کرنے کی امید ظاہر کی ۔ صدر تلگودیشم پارٹی چندرا بابو نائیڈو نے سیما آندھرا کو 500ہزار کروڑ کا خصوصی پیاکیج جاری کرنے مطالبہ کیا تھا ۔ انہوں نے شریمتی سونیا گاندھی گروپ آف منسٹرس اور دیگر اہم قائدین کا شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ قیام تلنگانہ کا عمل پورا ہونے کے ساتھ ہی ٹی آر ایس پارٹی کانگریس میں ضم ہوجانے کی امید ظاہر کی ۔ آئندہ عام انتخابات میں تلنگانہ اور سیما آندھرا میں کانگریس پارٹی کا بہتر موقف رہے گا ۔ کے سی آر ایک وفد کی شکل میں سونیا گاندھی سے اظہار تشکر کرنے کیلئے روانہ ہوئے ہیں ‘ تیام تلنگانہ میں کے سی آر کے جدوجہد کی ستائش کی ۔ قبل ازیں ڈاکٹر پی شنکر راؤ نے شاد نگر کے موضع انارم کے سابق سرپنچ کانگریس پارٹی نرسملو کی موت واقع ہونے کی اطلاع پر شنکر راؤ نے موضع انارم پہنچ کر نرسملو کے افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے پرسہ دیا ۔ اس موقع پر مقامی یوتھ کانگریس قائدین موجود تھے ۔