سنگاریڈی ۔3جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست میں وزیراعلیٰ کے سی آر کی قیادت میں غیر ذمہ دارانہ حکومت چل رہی ہے جبکہ صدر کانگریس سونیا گاندھی نے تلنگانہ کے عوام کے جذبات و احساسات کو مدنظر رکھتے ہوئے علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں لانے کلیدی رول ادا کیا تھا ۔ ان خیالات کا اظہار مسٹر پونم پربھاکر انچارج کانگریس ضلع میدک و سابق رکن پارلیمان و نائب صدر تلنگانہ پردیش کانگریس نے سنگاریڈی میں کانگریس پارٹی کی جانب سے منعقدہ یوم اظہار تشکر برائے سونیا گاندھی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کے سی آر پر تنقید کرتے ہوئے انتخابی وعدوں کی تکمیل میں ناکامی کا الزام عائد کیا جبکہ وزیراعلیٰ کا کہنا ہیکہ 90فیصد انتخابی وعدوں کی تکمیل کی گئی ہے جو بالکلیہ غلط ہے ۔ اس طرح ے بیانات دیتے ہوئے ریاست کے معصوم عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔ علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کانگریس پارٹی بالخصوص سونیا گاندھی کی مرہون منت ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت کی جانب سے دو سال کی تکمیل پر بھاری پیمانے پر جشن منایا جارہا ہے لیکن بڑے ہی افسوس کی بات ہے کہ تشکیل تلنگانہ کی اصل محرک سونیا گاندھی کو نظرانداز کیا جارہا ہے جس کا مستقبل میں عوام وزیراعلیٰ کو موثر انداز میں جواب دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نئے پراجکٹوں کی تعمیر اور ان کی ری ڈیزائننگ کرتے ہوئے کروڑہا روپئے کی بدعنوانیاں کی جارہی ہے جس کی جامع تحقیقات ضروری ہے ۔ ضلعمیدک کے ایٹی گڈہ ‘ کشٹا پور میں ملنا ساگر پراجکٹ کی تعمیر کے نام پر کسانوں سے زبردستی حصول اراضی کیلئے تنگ کیا جارہا ہے ۔ میدک کی این ایس ایف شوگر فیکٹری کو بند کئے جانے پر سخت تنقید کی اور دوبارہ اس شوگر فیکٹری کی کشادگی کا مطالبہ کیا ۔ سابق رکن اسمبلی سنگاریڈی ٹی جئے پرکاش ریڈی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ ٹی آر ایس کو پارٹی میں قیادت کا فقدان ہے جبکہ کانگریس پارٹی کی اعلیٰ قیادت مستحکم ہے اورکانگریس پارٹی صدر سونیا گاندھی کے ذریعہ ہی تلنگانہ کی تشکیل عمل میں آئی ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت انتخابی وعدوں کی تکمیل میں یکسر ناکام ہوچکی ہے ۔ اس کے خلاف ریاست گیر پیمانے پر مہم چلائے گی ۔ سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی اور صدر ضلع کانگریس و سابق وزیر سنیتا لکشما ریڈی ‘ سریش شیٹکر سابق رکن پارلیمنٹ ‘ توپاجی اننت کشن ریڈی ‘ شنکر یادو کارپوریٹر پٹن چیرو ‘ زیڈ پی فلور لیڈر پربھاکر ‘ صدر بلاک کانگریس سنگاریڈی پی شنکر ریڈی ‘ زیڈ پی ٹی سی رضی الدین اسد نے بھی خطاب کیا ۔ قبل ازیں صدر ضلع کانگریس سنیتا لکشما ریڈی نے پارٹی آفس پر یوم تاسیس کے موقع پر قومی پرچم لہرایا ۔ بعدازاں سونیا گاندھی کے پورٹریٹ کو دودھ سے دھویا گیا ۔ اس موقع پر پارٹی قائدین و کارکنان و دیگر موجود تھے ۔