اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کے امکانات موہوم، چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان پر تنقید
ممبئی ۔ 21 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس قیادت سیچیف منسٹر بنانے کے وعدے کو پورا نہ کرنے پر برہم مہاراشٹرا کے وزیر مصنوعات نارائن رانے نے آج استعفیٰ دے دیا۔ انہوں نے پرتھوی راج چوہان پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پارٹی کے اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے امکانات موہوم ہیں۔ رانے نے کہا کہ وہ حکومت سے مستعفی ہورہے ہیں اور کانگریس میں برقرار رہیں گے۔ شیوسینا کے سابق چیف منسٹر نارائن رانے کے بارے میں یہ کہا جارہا ہیکہ انہوں نے موجودہ چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان کو ہٹا کر خود چیف منسٹری کا عہدہ سنبھالنے کیلئے کافی تگ ودو کی لیکن انہیں یہ اندازہ ہوگیا کہ کانگریس ہائی کمان فی الحال ان کے مطالبہ کو تسلیم کرنے کے موڈ میں نہیں ہے۔ چنانچہ انہوں نے آج بحیثیت وزیر استعفیٰ دیدیا۔ انہوں نے لوک سبھا انتخابات میں ہزیمت اٹھانے کے بعد دوسری بار حکومت سے استعفی دیدیا ۔ انہوں نے وزیراعلی پرتھوی راج چوہان پر الزام عائد کیا کہ وہ فیصلہ سازی ماہر نہیں ہیں ۔ رانے نے کہا کہ وہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس کی شکست کے شراکت دار نہیں ہوسکتے ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ نارائن رانے چوہان کے زبردست نقاد تصور کئے جاتے ہیں ۔ اسمبلی انتخابات اکٹوبر میں منعقد شدنی ہیں اور رانے اس بات کے خواہاں ہیں کہ اس سے قبل ریاست میں قیادت میں تبدیلی لائی جائے ۔ آج دوپہر انہوں نے وزیراعلی کی سرکاری رہائش گاہ پر اپنا استعفیٰ ان کے حوالے کردیا جس کے بعد ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے چوہان کو فیصلہ لینے کے معاملہ میں انتہائی سست لیڈر قرار دیا اور کہا کہ انتظامیہ پر ان کا کوئی کنٹرول نہیں ہے جس کی وجہ سے عوام کا کام اور ترقی کی رفتار بھی متاثر ہوئی ہے ۔ لوک سبھا انتخابات میں عوام نے اپنی عدم اطمینانی کا ثبوت دیدیا اور اسمبلی انتخابات میں وہ ( رانے ) کانگریس کی شکست کی شراکت داری نہیں چاہتے ۔ نارائن رانے جن کی نظریں ہمیشہ وزارت اعلی کے عہدہ پر ٹکی رہتی ہیں ، انہوں نے کانگریس کی مرکزی قیادت کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ان سے ( رانے ) کہا گیا تھا کہ اندرون چھ ماہ انہیں مہاراشٹرا کا وزیراعلی بنایا جائے گا لیکن نو سال گزرنے کے باوجود بھی کانگریس نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ 2005 ء میں جب انہوں نے شیوسینا ترک کرتے ہوئے کانگریس میں شمولیت اختیار کی تو ان سے وعدہ کیا گیا تھا کہ انہیں مہاراشٹرا کا وزیراعلی بنایا جائے گا ۔ یاد رہے کہ اسے قبل ازیں مہاراشٹرا کے شیوسینا وزیراعلی رہ چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان کے ساتھ کانگریس میں شامل ہونے والے دیگر قائدین کو بھی کانگریس نے لیجسلیٹر تک نہیں بنایا ۔ بہرحال انہوں نے واضح کردیا کہ وہ کانگریس سے دوری اختیار نہیں کریں گے ۔ وزیراعلی چوہان نے ان سے وعدہ کیا ہے کہ وہ اس سلسلہ میں صدر پارٹی سونیا گاندھی سے بات کریں گے ۔ لہذا میں اپنے آئندہ موقف کا سونیا ۔ چوہان بات چیت کے بعد ہی اظہار کروں گا ۔