چیف منسٹر ناگالینڈ کے خلاف بغاوت

کوہیما۔/6جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر ناگالینڈ ٹی آر زیلیانگ کے خلاف آج ناگا پیپلز فرنٹ کے ناراض ارکان اسمبلی نے بغاوت کا پرچم بلند کردیا اور یہ دعویٰ کیا کہ دووزراء کی برطرفی کے بعد انہوں نے ایک نئے لیڈر کا انتخاب کرلیا ہے جبکہ ناراض گروپکے 5ارکان اسمبلی کو این پی ایف کی ابتدائی رکنیت سے معطل کردیا ہے۔ این پی ایف کے 30ناراض ارکان اسمبلی میں سے 20نے ریاستی قیادت میں تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے جنہوں نے گزشتہ شب دیما پور میں ایک اجلاس منعقد کرکے وزیر صنعت و کامرس جی کائیٹو آئیے کو این پی ایف لیجسلیچر پارٹی کانیا لیڈر منتخب کرلیا اور انہیں نئی حکومت تشکیل دینے کا اختیار بھی تفویض کیا گیا ہے۔ پارٹی ترجمان نے آج یہ اطلاع دی جبکہ باغیوں پر لگام کستے ہوئے چیف منسٹر نے دو وزراء کائیٹو اور کوزولوزو کو کابینہ سے برطرف کردیا اور این پی ایف کی زیر قیادت حکومت کو بیدخل کرنے کیلئے سازش رچنے کے الزام میں دیگر 5ارکان اسمبلی کو فرنٹ کی ابتدائی رکنیت سے معطل کردیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ وزیر صنعت و کامرس کائیٹو آئیے اور وزیر روڈس اینڈ بریجس کوزولوزو آزوینٹو کو کل رات چیف منسٹر نے ہٹادیا ہے۔ دریں اثناء پارٹی صدر نے 7باغی ارکان اسمبلی بشمول 2وزراء کو ڈسپلن شکنی کی پاداش میں پارٹی سے معطل کردیا ہے۔