چیف منسٹر مہاراشٹرا کی قیام گاہ کے روبرو کسانوں کا دھرنا

ناگپور ۔ 28 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : کسانوں نے اپنی نقصان دہ فصل کے لیے خاطر خواہ معاوضہ کی ادائیگی کے مطالبہ پر چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس سے تیقن حاصل کرنے میں ناکامی کے بعد شیتکاری سنگھٹن نے آج یہ فیصلہ کیا ہے کہ دھرم پیٹ میں واقع چیف منسٹر کی قیام گاہ کے روبرو کل سے دھرنا دیا جائے ۔ تنظیم کے سربراہ شرد جوشی نے بتایا کہ ایجی ٹیشن کے اعلان کے بعد آج چیف منسٹر نے بات چیت کے لیے مدعو کیا تھا اور سرکاری قیام گاہ رام گیری میں چیف منسٹر سے ملاقات کی گئی لیکن انہوں نے معاوضہ کی ادائیگی پر کوئی واضح تیقن نہیں دیا ۔ مہاراشٹرا کے کسان ان دنوں ناکافی بارش سے سنترہ ، کپاس اور دیگر تجارتی فصلوں کے نقصان پر کسان پریشان ہیں انہوں نے کل سے احتجاج شروع کردینے کا فیصلہ کیا ہے ۔