چیف منسٹر مہاراشٹرا کو راشٹر پتی بھون کے دعوت نامہ کی تاخیر سے وصولی

ممبئی ۔ 28 ۔ جنوری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چیف منسٹر مہاراشٹرا دیویندر فڈنویس جو کہ امریکی صدر بارک اوباما کے ساتھ دعوت میں شرکت سے قاصر رہے ۔ آج کہا ہے کہ ان وجوہات کا پتہ چلایا جائے گا جس کی بناء انہیں دعوت نامہ بروقت موصول نہیں ہوسکا ۔ گو کہ یہ دعوت نامہ ایک ہفتہ قبل دہلی میں مہاراشٹرا سدن کو موصول ہوگیا تھا ۔ چیف منسٹر نے بتایا کہ یہ دعوت نامہ 17 جنوری کو موصول ہوا جسے اسپیڈ پوسٹ کے ذریعہ ممبئی روانہ کیا گیا تھا ۔ اس خصوص میں دہلی کے ریزڈنشیل کمشنر کو ہدایت دی گئی ہے کہ ایک تفصیلی رپورٹ روانہ کریں ۔ اور قواعد کے مطابق کارروائی کی جائے گی ۔ راشٹرا پتی بھون میں امریکی صدر بارک اوباما کے اعزاز میں ضیافت کا اہتمام کیا گیا جس میں چیف منسٹر مہاراشٹرا کو مدعو کیا گیا تھا لیکن دعوت نامہ بروقت موصول نہ ہونے پر وہ شرکت سے قاصر ہوگئے ۔۔