چیف منسٹر مہاراشٹرا سے استعفی کے مطالبہ میں شدت

ممبئی / نئی دہلی 27 ڈسمبر ( پی ٹی آئی ) مہاراشٹرا حکومت کی جانب آدرش اسکام رپورٹ کو مسترد کرنے کی راہول گاندھی کی جانب سے مخالفت کے بعد اب بی جے پی نے مطالبہ کیا ہے کہ چیف منسٹر مہاراشٹرا پرتھوی راج چاوان فوری مستعفی ہوجائیں۔ مرکز اور مہاراشٹرا میں کانگریس کی اتحادی جماعت این سی پی نے کہا کہ اگر مسٹر چوہان رپورٹ کو مسترد کرنے کابینہ کے فیصلے کو بدلتے ہیں تو ان کی تائید کی جائیگی ۔ قانون ساز کونسل میں قائد اپوزیشن ونود تاوڈے نے کہا کہ چیف منسٹر مہاراشٹرا پر خود راہول گاندھی نے تنقید کی ہے کیونکہ انہوں نے آدرش اسکام رپورٹ کو مسترد کردیا ہے ۔ اب مسٹر چاوان کو چاہئے کہ وہ مستعفی ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ خود کانگریس کی حلیف این سی پی نے بھی چاوان پر تنقید کی ہے کہ انہوں نے ایسا فیصلہ کیا ہے ۔

اب کانگریس ہائی کمان نے بھی چاوان کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے ۔ آدرش پیانل نے اپنی رپورٹ میں وزیر داخلہ مسٹرسشیل کمار شنڈے کو بھی ماخوذ کیا ہے اور اب یہ دیکھنا ہے کہ ان کے خلاف کیا کارروائی کی جاتی ہے ۔ مسٹر شنڈے کے علاوہ اس رپورٹ میں سابق چیف منسٹروس شیواجی راؤ پاٹل نلینگیکر ‘ اشوک چاوان اور آنجہانی ولاس راؤ دیشمکھ کو ماخوذ کیا گیا ہے ۔ راجیہ سبھا میں بی جے پی کے ڈپٹی لیڈر روی شنکر پرساد نے کہا کہ کرپشن کے تعلق سے وقفہ وقفہ سے اظہار خیال کرنے راہول گاندھی کی منافقت انہیں لوک سبھا انتخابات میں کامیابی نہیں دلائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ راہول پارٹی کے ایک ذمہ دار لیڈر ہیں اور وہ خود کو حکومت مہاراشٹرا کے اس فیصلے سے بری الذمہ قرار نہیں دے سکتے ۔