کولکتہ۔/6جنوری، ( سیاست ڈاٹ کام ) ضلع مشرقی مدنا پور میں اتوار کے دن منعقدہ ایک جلسہ عام میں چیف منسٹر ممتابنرجی کے بھتیجہ اور رکن پارلیمنٹ ٹی ایم سی ابھیشیک بنرجی کو جس شخص نے طمانچہ رسید کیا تھا اس کی شناخت بحیثیت 25 سالہ دیباشیس آچاریہ متعلم انجینئرنگ کالج درگا پور کرلی گئی ہے۔ اس نوجوان کے والد الکٹرانک گڈس سپلائیر ہیں اور وہ تملوک میں اپنی بیوی اور لڑکی کے ساتھ ایک کرایہ کے مکان میں مقیم ہیں تاہم گزشتہ 3ماہ سے وہ کنٹائی میں ایک آر ایس ایس ورکر تمل یلب بسواس کے مکان میں قیام پذیر تھا ۔ پولیس نے بسواس اور اس کے دوست سرجیت کو پوچھ تاچھ کیلئے حراست میں لے لیا ہے۔ رکن پارلیمنٹ کو طمانچہ رسید کرنے کے بعد آچاریہ کی ترنمول کانگریس کے کارکنوں نے زبردست پٹائی کردی، اسے تشویشناک حالت میں ایک مقامی ہاسپٹل میں شریک کروادیا گیا ہے جس کے خلاف پولیس نے اقدام قتل کا کیس درج کرلیا ہے جس کے خلاف پولیس نے اقدام قتل کا کیس درج کرلیا ہے۔ دریں اثناء ابھیشک بنرجی نے بتایا کہ انہوں نے حملہ آور آچاریہ کو معاف کردیا ہے اور اس کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔انہوں نے ٹی ایم سی کارکنوں سے اپیل کی کہ ریاست بھر میں نظم و ضبط برقرار رکھیں اور صبروتحمل سے کام لیں۔