ریاست کو چوہان کی نہیں کمل ناتھ کی ضرورت ہے : سنجے سنگھ کا بیان
نئی دہلی 3 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مدھیہ پردیش کے چیف منسٹر شیوراج سنگھ چوہان کے برادر نسبتی سنجے سنگھ مسانی آج کانگریس میں شامل ہوگئے اور کہاکہ اس ریاست میں چیف منسٹر کی حیثیت سے چوہان کی نہیں بلکہ اس پارٹی (کانگریس کے ریاستی) صدر کمل ناتھ کی ضرورت ہے۔ سنجے سنگھ مسانی، چیف منسٹر چوہان کی شریک حیات سادھنا سنگھ کے بھائی ہیں۔ پردیش کانگریس کے صدر کمل ناتھ اور ایک دوسرے سینئر لیڈر جیوتر آدتیہ سندھیا کی موجودگی میں اُنھوں نے کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ بعدازاں اُنھوں نے کہاکہ ’’مدھیہ پردیش کو چوہان کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ ہم سب جانتے ہیں کہ چندواڑہ میں کس طرح ترقی کی گئی ہے اور اس کی کمل ناتھ سے شناخت ہوتی ہے۔ اس ریاست کی یہ شناخت بھی ان (کمل ناتھ) ہی سے ہونی چاہئے‘‘۔ کمل ناتھ لوک سبھا میں چندواڑہ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ سنجے سنگھ مسانی نے بی جے پی پر کامداروں (محنت سے کام کرنے والوں) کو صرف نامداروں (بڑے نام والوں) کی قیمت پر نظرانداز کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے تنقید کا نشانہ بنایا۔ مسانی نے کہاکہ اُنھیں چوہان کے خاندان کے رکن کی حیثیت سے نہیں بلکہ صرف ان کے ایک رشتہ دار کی حیثیت سے ظاہر کیا جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ ’میرا نام سنجے سنگھ مسانی ہے۔ میرا خاندانی نسب اور گوترا ان سے مختلف ہے‘‘۔ کمل ناتھ نے اخباری نمائندوں سے کہاکہ چوہان کی غلط حکمرانی سے سماج کے تمام طبقات متاثر ہوئے ہیں۔ کانگریس میں شمولیت سے متعلق سنجے مسانی کا فیصلہ اس ریاست میں ترقی کے نئے راستے کے انتخاب کے لئے عوام کی خواہش کا اظہار ہوتا ہے۔ اس ریاست میں بی جے پی 2003 ء سے برسر اقتدار ہے۔