چیف منسٹر دہلی کجریوال پر مرچ کے سفوف سے حملہ کی تفصیلی تحقیقات کا بی جے پی کا مطالبہ

نئی دہلی ۔ 27 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) دہلی بی جے پی کے ارکان مقننہ نے آج چیف منسٹر پر مرچ کے سفوف کے ذریعہ حملہ کی تفصیلی تحقیقات کا مطالبہ کیا تاکہ عام آدمی پارٹی کی سازش کا پتہ چلایا جاسکے۔ بی جے پی دہلی نے کہا کہ عام آدمی پارٹی ’’متاثرہ فرد کا کارڈ‘‘ کھیل رہی ہے۔ ارکان اسمبلی کا پولیس کمشنر دہلی امولیا پٹنائک کے ساتھ ایک اجلاس منعقد ہوا جس کے دوران کجریوال پر مرچ سفوف کے ذریعہ حملہ کی تفصیلی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔ قائد اپوزیشن وجیندر گپتا نے کہا کہ یہ حیرت انگیز ہیکہ چیف منسٹر کے دفتر اور عام آدمی پارٹی نے کوئی شکایت درج نہیں کروائی۔ کیا چیف منسٹر کا دفتر اور عام آدمی پارٹی کا چیف منسٹر کے تحفظ اور صیانت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ دہلی میں عام آدمی پارٹی کا یہ گرماگرم ڈرامہ ایسا معلوم ہوتا ہیکہ ایک سازش ہے اور پارٹی اس معاملہ میں متاثرہ شخص کا کارڈ کھیل رہی ہے۔ ایک شخص شرما نے ان کے دفتر کے باہر کجریوال پر مرچ کے سفوف سے گذشتہ ہفتہ حملہ کیا تھا۔ عام آدمی پارٹی نے اس حملہ کو سیاسی مفادات پر مبنی قرار دیا تھا جبکہ بی جے پی نے اسے دہلی پولیس کے ساتھ مشاورت کے بعد سازش قرار دیا۔