نئی دہلی ۔ 3 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام) : چیف منسٹر دہلی اروندکجریوال جاریہ ہفتہ بنگلور کے لیے روانہ ہوں گے جہاں پر 10 دن تک نیچرو پیتھی کا علاج کروائیں گے کیوں کہ وہ بے قابو شوگر (ذیابیطس ) اور دائمی کھانسی سے متاثر ہیں ۔ مسٹر کجریوال 5 مارچ کو بنگلور کے لیے روانہ ہوں گے اور 10 یوم تک یہاں نیچروپتھی طریقہ علاج سے استفادہ کریں گے ۔ اتفاق سے وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی دہلی کی ایک تقریب میں مسلسل کھانسنے پر کجریوال کو بنگلور میں یوگا تھراپسٹ سے علاج کروانے کا مشورہ دیا تھا ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ چیف منسٹر کی غیر حاضری کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر منیش سنگھ سسوڈیہ حکومت کے کام کاج کی نگرانی کریں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ اروند کجریوال کی شکر کی سطح گذشتہ 10 دن سے 300 کے اوپر ہے ۔ اگرچیکہ ڈاکٹروں نے انسولین کی مقدار میں 3 گنا اور ادویات کی مقدار میں 2 گنا اضافہ کردیا ہے لیکن شکر کی سطح میں کمی واقع نہیں ہورہی ہے اور مسلسل کھانسی بھی انہیں پریشان کررہی ہے ۔۔