چیف منسٹر حب الوطنی کا مظاہرہ کریں: ہنمنت راؤ

کاماریڈی /12 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیف منسٹر کرن کمار ریڈی کی جانب سے ریاستی اسمبلی میں دیئے گئے بیان پر رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ کرن کمار ریڈی کی پیدائش حیدرآباد کی ہے تو حب الوطنی کا مظاہرہ کریں۔ اگر کسی شخص کو اپنے وطن سے محبت ہوتی ہے تو وہ وطن کی ترقی کے لئے کام کرتا ہے، لیکن چیف منسٹر حیدرآبادیوں کے خلاف منصوبہ بند طریقے سے کام کرتے ہوئے یہاں کے فنڈ کو چتور ضلع منتقل کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ سیما۔ آندھرا کے عوام کی نظروں میں ہیرو بننے کے لئے جو کوشش کی جا رہی ہے، اس سے وہ ہیرو نہیں بلکہ زیرو بن جائیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ان کے آباء و اجداد کا تعلق محبوب نگر سے ہے، لیکن ان کی پیدائش حیدرآباد کے عنبر پیٹ میں ہوئی، اس طرح انھوں نے عنبر پیٹ میں کئی ترقیاتی کام انجام دیئے اور آئندہ بھی اردو و تلگو میڈیم مدارس کے لئے کوشاں ہیں۔ چیف منسٹر کی جانب سے تلنگانہ میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کے باوجود آندھرا پردیش کانگریس امور کے انچارج ڈگ وجے سنگھ چیف منسٹر کے ساتھ نرم گوشہ اختیار کئے ہوئے ہیں سے متعلق پوچھے جانے پر مسٹر ہنمنت راؤ نے کہا کہ گھر کے سرپرست کی حیثیت سے ڈگ وجے سنگھ چیف منسٹر کو غلطی سدھارنے کا موقع فراہم کر رہے ہیں، اگر غلطی بار بار کی گئی تو ایک دن ضرور ان کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔ انھوں نے چیف منسٹر پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ سی ڈبلیو سی کے فیصلہ سے قبل چیف منسٹر کو اس بات سے واقف کروایا تھا اور تلنگانہ کے ضلع کریم نگر کے جلسہ عام میں چیف منسٹر نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ تلنگانہ کا قیام سونیا گاندھی کے ذریعہ ہو سکتا ہے، جو اس کا جواز بھی رکھتی ہیں۔

میں صرف ریاست کی حد تک میڈیکل کالج، انجینئرنگ کالج اور دیگر ترقیاتی کاموں کی منظوری دے سکتا ہوں۔ اگر تلنگانہ ریاست تشکیل دی گئی تو میں اس پر اعتراض نہیں کروں گا۔ یہ بات انھوں نے دہلی میں منعقدہ اجلاس میں بھی دہرائی تھی، تاہم تلنگانہ کے قیام کے بعد منصوبہ بند طریقے سے وہ تلنگانہ کے قیام میں رکاوٹ پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صدر ٹی آر ایس مسٹر چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ کے قیام کے اعلان کے بعد ٹی آر ایس کو کانگریس میں ضم کرنے کے لئے کیا پہل کی ہے؟ کے سوال کا جواب دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ نے دہلی میں سونیا گاندھی کے سامنے اس بات کو واضح کیا تھا کہ انھیں وزارت کا کوئی شوق نہیں ہے، وہ صرف علحدہ ریاست تلنگانہ سے دلچسپی رکھتے ہیں، لیکن اعلان کے بعد سے اب تک اس قسم کی کوئی پہل نہیں کی۔ کانگریس کا دروازہ کھلا ہوا ہے، اگر چندر شیکھر راؤ کانگریس میں اپنی پارٹی کو ضم کرنے کے لئے تیار ہیں تو کسی قسم کا اعتراض نہیں ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ ہزاروں نوجوان علحدہ تلنگانہ ریاست کے لئے اپنی جانیں قربان کرچکے ہیں، جب کہ ان سب کا مقصد علحدہ ریاست کا قیام تھا، لہذا کے سی آر ان کی قربانیوں کو فراموش نہ کریں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ بی جے پی ایک فرقہ پرست جماعت ہے اور اس کے قائد نریندر مودی گجرات میں قتل عام کراتے ہوئے سیکولرازم کو نقصان پہنچایا ہے، لہذا انھیں وزیر اعظم بننے کا حق نہیں پہنچتا۔ انھوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی اپنے قائد راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانے کے لئے کوشاں ہے، لہذا راہول گاندھی کو وزیر اعظم بنانے کے لئے ریاست کے تمام اضلاع میں دستخطی مہم شروع کی جا رہی ہے اور آج کاما ریڈی میں اس مہم کا آغاز ہوا۔ اس سوال پر کہ تلنگانہ بل پارلیمنٹ میں کب پیش کیا جائے گا؟

ہنمنت راؤ نے کہا کہ فروری کے دوسرے ہفتہ میں بل پیش کرنے کے امکانات ہیں، لیکن ریاستی اسمبلی میں ابھی بحث مکمل نہیں ہوئی۔ انھوں نے کہا کہ کرن کمار ریڈی کی وجہ سے اسمبلی کے مباحث میں تاخیر ہو رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ 60 برسوں کے دیرینہ مطالبہ کی تکمیل پر تلنگانہ عوام کو واقف کرانے کی غرض سے نکالی گئی یاترا نلگنڈہ اور محبوب نگر میں کامیابی کے بعد نظام آباد میں بھی عوام کی تائید حاصل ہو رہی ہے اور یہ یاترا دو دن تک ضلع میں جاری رہے گی۔ اس موقع پر ضلع کانگریس صدر طاہر بن حمدان، منڈل کانگریس صدر سرینواس ریڈی اور سابق ریاستی وزیر این انجنیلو بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ مسٹر ہنمنت راؤ نے آج کاما ریڈی میں دستخطی مہم کا آغاز کیا۔