پٹنہ 12 فروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر بہار جتن رام مانجھی نے رائے عامہ کو اپنے حق میں کرنے کی کوشش کرتے ہوئے آج چھوٹے کسانوں کو مفت برقی کا اعلان کیا۔ اُنھوں نے کہاکہ ایسے کسان جن کے ساتھ زرعی اغراض کے لئے 5 ایکر اراضی ہو، اُنھیں مفت برقی سربراہ کی جائے گی اور اُنھیں عہدہ پر برقرار رہنے کا موقع دیا گیا تو وہ 10 ایکر اراضی رکھنے والوں کے لئے بھی یہ سہولت مہیا کریں گے۔ مانجھی نے محکمہ زراعت کی جانب سے منعقدہ نمائش کا افتتاح کرنے کے بعد اپنے خطاب میں کہاکہ وہ ایک یا دو دن میں ریاستی کابینہ کا اجلاس طلب کررہے ہیں جس میں چھوٹے کسانوں کو مفت برقی سربراہی کی تجویز منظور کی جائے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ اگر اقتدار پر برقرار رہنے کا موقع ملا تو وہ 10 ایکر زرعی اراضی کے مالک کسانوں کو مفت برقی سربراہ کریں گے۔ اُنھوں نے اِس فیصلہ کو معقولیت پسند قرار دیتے ہوئے کہاکہ اِس وقت لوگ برقی بلز کی ادائیگی کے معاملہ میں عہدیداروں کو رشوت دیا کرتے ہیں لہذا بہتر یہ ہوگا کہ چھوٹے کسانوں کو مفت برقی سربراہ کی جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ جب برقی بل 5 ہزار روپئے ہو تو عہدیداروں کو معاملہ کی یکسوئی کے لئے دو ہزار روپئے رشوت دی جاتی ہے۔ اِس طرح ریاستی حکومت کو کچھ نہیں ملتا۔ مانجھی نے کہاکہ درمیانی آدمی کو ہٹانے کی کوشش کے طور پر وہ عہدیداروں کو ہدایت دیں گے کہ زرعی سامان کی خریدی پر کسانوں کو راست سبسیڈی بینک اکاؤنٹس کے ذریعہ ادا کی جائے۔