چیف منسٹر بننا چاہتا ہوں ‘ مجھے ایک موقع دیں ۔ ادھو ٹھاکرے

ممبئی 13 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک عوامی پلیٹ فارم سے پہلی مرتبہ چیف منسٹر بننے کی خواہش کا کھلے عام اظہار کرتے ہوئے شیوسینا کے سربراہ ادھو ٹھاکرے نے آج رائے دہندوں سے کہا کہ انہیں ایک موقع دیا جائے ۔ انہوں نے رائے دہندوں کو تیقن دیا کہ اس فیصلے پر انہیں افسوس نہیں ہوگا ۔ نشستوں کی تقسیم کے مسئلہ پر ادھو ٹھاکرے کے بی جے پی سے روابط میں کشیدگی دکھائی دے رہی ہے اور انہوں نے پہلی مرتبہ خود چیف منسٹر بننے کی خواہش کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ مہاراشٹرا میں شیوسینا ‘ بی جے پی سے زیادہ قدیم ہے اور انہوں نے یہ بھی واضح کردیا کہ شیوسینا ۔ بی جے پی اتحاد کو ریاست میں اقتدار ملنے پر جو چہرہ حکمرانی کریگا وہ صرف شیوسینا سے ہوگا۔ انہوں نے ایک خانگی نیوز چینل پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ عوام انہیں ایک موقع دیں ۔ اس کے بعد میں عوام کو شکایت کرنے کا موقع نہیں دونگا ۔ شیوسینا سربراہ نے تاہم کہا کہ حالانکہ وہ چیف منسٹر بننے کے خواب نہیں دیکھ رہے ہیں لیکن وہ ذمہ داریوں سے فرار بھی نہیں ہونگے انہوں نے کہا کہ اگر عوام ان پر بھروسہ کرتے ہیں تو یہ فیصلہ کرنا ان کا کام ہے ۔ عوام کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کس کا چہرہ ( بحیثیت چیف منسٹر ) دیکھنا چاہتے ہیں۔ وہ کسی عہدہ کی لالچ نہیں رکھتے لیکن وہ کسی بھی ذمہ داری سے بھی فرار نہیں اختیار کرینگے ۔ اس سوال پر کہ آیا ریاست پر حکمرانی کرنے والا چہرہ شیوسینا سے ہوگا انہوں نے کہا کہ یہ چہرہ صرف شیوسینا سے ہوگا ۔ ادھو ٹھاکرے نے کہا کہ اکثر و بیشتر ان کی قیادت کے تعلق سے سوال اٹھائے جاتے ہیں تاہم وہ بالا صاحب ( بال ٹھاکرے ) کے فرزند ہیں اور وہ ذمہ داریوں سے فرار نہیں ہونگے ۔ بی جے پی کے ساتھ نشستوں کی تقسیم میں تاخیر کے تعلق سے انہوں نے کہا کہ ان کی جانب سے رکاوٹ نہیں ہے ۔