ممبئی ۔ یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے نئے چیف منسٹر دیویندر فرنویس اپنے دفتر کو پی ایم او کی طرز پر فروغ دینے کے خواہاں ہیں تاکہ انتظامیہ کی مؤثر کارکردگی یقینی بنائی جاسکے۔ اُنھوں نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ چیف منسٹر آفس کو پرائم منسٹر آفس کے طرز پر فروغ دیا جائے گا جہاں منتخبہ عہدیدار کسی معاملہ میں وزراء کا تعاون کرتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر آفس کو مستحکم بنانے سے زیرتصفیہ کاموں کی عاجلانہ تکمیل اور رکاوٹیں دور کرنے میں مدد ملے گی۔ اِس کے علاوہ ایک ایسا ماحول تیار ہوگا جہاں عہدیداروں کی کسی پراجکٹ میں وزراء کو مدد حاصل رہے گی۔